
حال ہی میں سوشل میڈیا انفلوئنسر دنانیر کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں وہ گھر میں لپ پلمر بنانے کا طریقہ بتارہی ہیں۔دنانیر کی جانب سے بتائے جانے والے اس ٹوٹکے میں پٹرولیم جیلی میں لال مرچیں اور دارچینی کا پاڈرملا کر ہونٹوں پر 5 منٹ کے لیے لگانا ہے جس کے بعد ہونٹ قدرتی طور پر نمایاں ہوجائیں گے۔
دنانیر یہ ٹوٹکا خود اپنے ہونٹوں پر بھی آزما کر دیکھاتی ہیں، اس سے ان کے ہونٹ گلابی اور پھول تو جاتے ہیں مگر انہیں لال مرچوں کے سبب کافی زیادہ تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔

مذکورہ ویڈیو کے کیپشن میں دنانیر نے لکھا ہے کہ یہ طریقہ انتہائی تکلیف دہ ہے لیکن کارآمد بھی ہے، اسے گھر میں نہ کریں۔
دنانیر کی اس ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی وہیں معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے دنانیر کے اس طریقے کار کی سختی سے مخالفت کی ہے اور لوگوں کو اس عمل کو گھر میں نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

شائستہ لودھی نے دبئی میں مقیم سوشل میڈیا انفلوئنسر اور پاکستان کی واحد ‘کین ڈول’ عرف عدنان ظفر اور علی سفیان واصف کے ساتھ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ‘آج کل جس کے پاس موبائل ہے وہ ڈاکٹر اور انفلوئنسر بن جاتا ہے، یہ بہت خطرناک ہے، برائے مہربانی اسےگھر میں نہ کریں’۔انہوں نے کہا ‘لال مرچیں براہ راست ہونٹوں پر ہرگز نہ لگائیں، میں ڈاکٹر بنی ہوں تو کسی طریقہ کار کے تحت بنی ہوں، اسی لیے ایسی چیزیں گھر میں نہ کریں’۔ واضح رہے کہ شائستہ لودھی شوبز کر علاوہ طب کے پیشے سے وابستہ ہیں اور وہ بطور اسکن اسپیشلسٹ اپنا کلینک بھی چلاتی ہیں۔
شائستہ سے پہلے عدنان ظفر بھی دنانیر کی وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پٹرولیم جیلی میں لال مرچیں اور دارچینی پاڈرملا کر ہونٹوں پر لگا کر آپ خود کو بڑی کترینہ کیف سمجھ لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری جان خدا کا خوف کریں، دارچینی مفید سہی لیکن لال مرچ انتہائی نقصان دہ ہے۔ کین ڈول نے کہا کہ اگر آپ نے کوئی ایسی پراڈکٹ استعمال کی ہے جس میں مرچیں محسوس ہوں تو وہ ایک مخصوص قسم ہوتی ہے جس میں ایسنس شامل کیے جاتے ہیں جو آپ کی جلد کے لیے ٹھیک ہوتے ہیں۔ عدنان ظفر کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ٹھیک نہیں ہے ،ایسا مت کریں اگر پیسے ہیں تو آپ فلر کروالیں، مرچیں نقصان دہ ہیں آپ کو بلسٹر بن سکتا ہے یا پھر ورم آسکتا ہے۔
اس ویڈیو پر متعدد صارفین نے عدنان ظفر کی جانب سے کہی گئی باتوں کو تسلیم کیا جبکہ دنانیر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگوں کو غلط مشورے دے رہی ہیں۔بعض صارفین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ گھر میں اس طرح کے ٹوٹکے ہمیشہ سے کسی بڑی پریشانی کا ہی سبب بنتے ہیں اس لیے ٹوٹکوں سے پرہیز ہی کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں: کمسن بچی نے ‘پاوری ہورہی ہے‘ میم کو دوبارہ وائرل کردیا
خیال رہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر دنانیر مبین جنہیں ‘جینا’ بھی کہا جاتا ہے، ایک ’کونٹینٹ کریئٹر‘ ہیں اور انسٹاگرام پر تین لاکھ سے زائد فالوورز رکھتی ہیں۔وہ اپنے بلاگز میں میک اپ فیشن اور لائف اسٹائل سے لے کر ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ہر چیز پر بات کرتی ہیں۔وہ اپنی ویڈیو ‘پاوری ہورہی ہے’ سے راتوں رات مشہور ہوگئیں تھیں۔انہوں نے اپنی یہ مشہور ویڈیو اس وقت بنائی تھی جب وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ نتھیا گلی کی سیر کو گئی تھیں اور اچانک ہی اپنے موبائل فون سے ویڈیو بناکر اپلوڈ کردی تھی جو چند سیکنڈ میں دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھی اور سوشل میڈیا پر پارٹی ہورہی ہے کا پیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کیا تھا۔
0 Comments