
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ حرا مانی کو اداکاری کے ساتھ ساتھ خوبصورت گائیکی کے لئے بھی جانا جاتا ہے۔ جشن آزادی کے موقع پر حرا مانی نے لندن ویمبلے آرینہ میں کنسرٹ میں اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگا کر مداحوں کو ایک بار پھر چونکا دیا۔
اس کنسرٹ کے لئے انہوں نے لمبے کوٹ اور اونچی ہیل کے ساتھ سرمئی رنگ کے چمکتا ہوئے مغربی لباس کا انتخاب کیا اور اسٹیج پر پاکستانی گانے” بجلی بھری ہے میری انگ انگ میں” اور “مینو مار گئی تیری بے پروائی” جیسے ہٹ گانے گائے۔ تاہم، اسی لائیو پرفارمنس کے دوران ایک موقع پر ان کو شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا سائٹس پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ جب انہوں نے مشہور پاکستانی گانے ’جا تجھے معاف کیا‘ گانا شروع کیا تو ساتھ شرکاء کو بھی شامل کرنا چاہا مگر سامنے بیٹھے لوگ نہایت اُکتائے ہوئے اور خاموش نظر آئے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرا مانی نے گانے کے کچھ بول گا کر مائیک شرکاء کے سامنے کر دیا اور گانے کے اگلے بول ایک ساتھ گانے کا کہے مگر اس پر بھی سب چُپ نظر آئے۔ ہال میں اچھی خاصی چھائی خاموشی پر حرا مانی کہتی نظر آ رہی ہیں کہ ’میرے ساتھ گا کر اس پرفارمنس میں میرا ساتھ دیں ورنہ میں پرفارمنس شروع نہیں کروں گی’، جس پر شرکاء کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ حرا مانی اپناسا منہ لے کر شرکاء کو تکنے لگتی ہیں اور تھک ہار کر ‘پاکستان زندہ باد’ کا نعرہ لگاتی ہیں جس پر ناظرین بھرپور ردعمل دیتے ہیں۔
کنسرٹ میں حرا مانی کی پرفارمنس کے بعد شوہر مانی کی اسٹیج پر انٹری ہوئی، دونوں نے بھرپور جوشیلے انداز سے شــرکاء کو محظوظ کیا۔ دونوں کے درمیان کھٹی میٹھی باتوں سے لوگ خاصا لُطف اندوز ہوئے جبکہ مانی نے شرکاء سے بھی باتیں کیں۔
مزید برآں ، حرامانی کی مذکورہ ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی ان پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا، صارفین کا کہنا ہے کہ حرا کو یاد ہونا چاہیے کہ وہ ایک اداکارہ ہیں گلوکارہ نہیں جبکہ کچھ صارفین نے ان کے پہناوے پر بھی تنقید کی ہے۔
مزید پڑھیں: اداکارہ حرا مانی شادی سے پہلے کس پروفیشن سے وابستہ تھیں؟
خیال رہے کہ حرا مانی کا شمار شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم اداکارہ اپنے برجستہ بولنے کے علاوہ بھی مزید کئی وجوہات کی بناء پر خبروں میں نمایاں رہتی ہیں۔ گزشتہ دنوں اس وقت اداکارہ کا نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں رہا کہ جب انہوں نے دعا زہرا اور ظہیر کے لیے “منفرد” انداز میں دُعا کی۔ انسٹاگرام پر انہوں نے ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میں چاہتی ہوں دعا اور ظہیر کبھی الگ نہ ہوں، اللہ تعالی میری یہ دعا ضرور سنیں گے’۔اداکارہ کی مذکورہ بات پر لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی جس پر انہوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے وضاحتی ویڈیو میں دعا زہرہ کے والدین سے معافی مانگ لی۔
0 Comments