
رہنما پاکستان تحریک انصاف اور معروف ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ان دنوں اپنی تیسری شادی کو لیکر خوب خبروں میں ہیں، کہیں مبارکبادیں پیش کی جارہی ہیں تو کہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن اب کہانی میں اب ایک نیا موڑ آگیا ہے، کیونکہ ماڈل ہانیہ خان کا دعویٰ ہے کہ یہ موصوف کی تیسری نہیں بلکہ چوتھی شادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی تیسری شادی کی خبر شئیر کی گئی، جس میں انہوں نے رشتہ ازواج میں منسلک ہونے کا اعلان کیا۔ یہ خبر سابقہ اہلیہ سیدہ طوبی انور کی طلاق کی تصدیق کے محض چند ہی گھنٹوں بعد سامنے آئی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر رکن قومی اسمبلی نے جاری کردہ پوسٹ میں بتایا کہ ان کا نکاح 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے ہوا ہے۔ جن کا تعلق لودھراں کے مہذب گھرانے سے ہے، وہ سرائیکی ہیں اور بہت پیاری اور سادہ ہیں۔
اس ہی حوالے سے حال ہی میں ماڈل ہانیہ خان نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت کی یہ تیسری نہیں بلکہ چوتھی شادی ہے، انہوں نے تیسری شادی مجھ سے کی تھی۔

ہانیہ خان نے مزید بتایا کہ عامر لیاقت ہمیشہ سے ہی کم عمر اور ایسی نوجوان لڑکیوں کی تلاش میں رہے ہیں، جن کا تعلق متوسط گھرانے سے ہو۔ وہ ایسی لڑکیوں کو سہانے خواب دکھا کر ان کا کیریئر بنانے کے وعدے کرکے ان سے شادیاں کرتے ہیں۔ اگرچے یہ حقیقت بھی ہے کہ عامر لیاقت کی وجہ سے طوبیٰ مشہور بھی ہوئیں اور انہیں مواقع بھی ملے، پہلے انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔
ماڈل ہانیہ خان نے شو کے دوران اعتراف کیا کہ انہیں معلوم تھا کہ عامر لیاقت کا رویہ دوسری خواتین سے اچھا نہیں ہے پھر بھی میں نے ان سے شادی کی۔

اس دوران ہانیہ خان نے انکشاف کیا کہ عامر لیاقت نے انہیں ہدایت کر رکھی تھی کہ شادی کے معاملات کو ظاہر نہ کیا جائے مگر چوں کہ ان کے ساتھ کچھ ایسے مسائل ہوگئے تھے کہ انہیں اچانک شادی کو ظاہر کرنا پڑا اور اسی وجہ سے ہی عامر لیاقت نے انہیں قبول نہیں کیا۔
واضح رہے یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب ماڈل ہانیہ خان کی جانب سے عامر لیاقت سے شادی کا دعویٰ کیا گیا، وہ گزشتہ برس اپریل میں منظر عام پر آئیں تھیں جہاں انہوں نے رکن قومی سے ناصرف شادی کا دعویٰ کیا تھا بلکہ ان کی کچھ تصاویر اور آڈیو ٹیپس بھی شئیر کی تھیں۔
بعدازاں عامر لیاقت حسین نے ہانیہ خان کے تمام تر الزامات کو مسترد کر دیا تھا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ یہی نہیں ٹی وی میزبان نے انسٹاگرام پر ویڈیو شئیر کی تھی، جس میں ہانیہ خان کے والد نے ان سے ملاقات کی تھی اور بیٹی کی غلطیوں اور الزامات پر معافی مانگتے ہوئے نظر آئے تھے۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے سیدہ طوبیٰ انور سے شادی کے بعد اپنی پہلی بیوی بشریٰ اقبال کو طلاق دیدی تھی جبکہ ان کی پہلی بیوی سے دو بچے ایک بیٹا اور بیٹی بھی ہیں۔
0 Comments