
بیشک اللہ تعالیٰ جسے چاہے ہدایت کی راہ پر لاسکتے ہیں، جنوبی کوریا کے مقبول ترین پاپ گلوکار اور یوٹیوبر داؤد کم بھی انہی خوش نصیبوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر 2019 میں عیسائی مذہب سے کنارہ کشی اختیار کی اور اسلام قبول کرلیا۔
حال ہی میں داؤد کم نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور اپنے انسٹاگرام پر مسجدالحرام سے اپنی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی خوشخبری سنائی ہے۔

انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں داؤد کم نے لکھا کہ “بالآخر میں مکہ آگیا۔ انہوں نے لکھا میں خوش قسمت ترین شخص ہوں کیونکہ اللہ نے مجھے منتخب کیا اور وہی مجھے یہاں لے کر آیا۔ انہوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے دنیا کے مقدس ترین شہر میں آنے کا موقع دیا۔ داؤد کم نے مزید لکھا میں اپنے تمام مسلمان بہن بھائیوں کے لیے دعا کرتا ہوں کہ خدا ہمارے تمام گناہوں کو معاف کرے ، اللہ ہماری تمام دعاؤں کو قبول فرمائے، رمضان مبارک”۔
واضح رہے کہ داؤد کم کی اہلیہ بھی اسلام قبول کرکے مسلمان ہوچکی ہیں۔ اس بات کی اطلاع انہوں نے اپنے یوٹیوب کے چینل پر مائی وائف بیکیم آ مسلم کے عنوان سے ایک ویڈیو میں دی تھی۔اس ویڈیو میں داؤد کم کو اپنی اہلیہ میا کو کلمہ پڑھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور ان کی اہلیہ باقاعدہ کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کررہی ہیں ۔

اس موقع پر وہ اپنی اہلیہ کی اسلامی معلومات میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں یہ بھی بتارہے ہیں کہ اسلام قبول کرنے کے بعد وہ ماضی کے تمام گناہوں سے پاک ہوگئیں ہیں۔ مذکورہ ویڈیو میں انہوں نے اپنی اہلیہ کو اسلام کے پانچ اراکین ، اللہ کی واحدانیت کا اقرار اور رسول اکرم صلؔی اللہ علیہ وآلہ وسلؔم پر ایمان لانے کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔
یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے سابق گلوکار اور یوٹیوب اسٹار جے کم نےتین برس قبل اعلان کیا تھا کہ وہ اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کررہے ہیں جس کے بعد انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ عید منائی اور اسلام میں موسیقی کو حرام قرار دیے جانے کے حوالے سے ویڈیو بنا کر بھی شیئر کی تھی۔ بعد ازاں ، کم جونگ نے ایک اور ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کی ایک مسجد میں موجود تھے اور وہاں کلمۂ شہادت پڑھ کر مسلمان ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے مسلمان ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا اور اپنا نام جے کم سے تبدیل کر کے داؤد کم رکھا۔
تاہم مسلمان ہونے کے بعد بھی کورین یوٹیوبر داؤد کم کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ اب وہ سوشل میڈیا پر اپنی اسلامی طرزِ عمل سے متعلق بنائی جانے والی ویڈیوز کے حوالے سے مداحوں میں مقبول ہیں۔ البتہ مذہب کی تبدیلی کے دوران داؤد کم کو جذباتی اور ذہنی طور پر کافی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چنانچہ ان حالات میں انہوں نے قرآن پاک کا مطلعہ کیا جس سے ناصرف ان کو سکون حاصل ہوا بلکہ ان افسردگی بھی دور ہوئی۔اس حوالے سے انہوں نے اپنی ایک ویڈیو میں قرآن پاک کی وہ پانچ معجزاتی آیات بھی بتائیں جن کو پڑھنے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی اور وہ عیسائی مذہب چھوڑ کر مسلمان ہوگئے۔
0 Comments