ارطغرل غازی کے اداکار سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئے


0

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی بحالی کے لئے دوست ممالک کے فنکار بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہے ہیں اور سیلاب زدگان کے لیے مدد کے لئے آگے آرہے ہیں۔ اسی مقصد کے لئے معروف تُرک سیریز ارطغرل غازی میں عبد الرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار جلال آل کراچی پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا گیا کہ جلال آل سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ گھل مل کر امدادی سرگرمیوں میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر خدمات سر انجام دیتے ہوئے امدادی سامان کی بوریاں اپنے کندھے پر اٹھاکر سیلاب متاثرین کے خیموں میں  پہنچائیں۔

Image Source: Twitter

ترک اداکار جلال آل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کو کراچی میں موسلا دھار بارش کے دوران گاڑی میں سفر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہم پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے متاثرین کی مدد کرنے کے لیے آپ کی امداد وصول کر رہے ہیں’۔

جلال آل نے سیلاب متاثرین کے ساتھ ایک اور ویڈیو اپ لوڈ کی اور لکھا کہ ‘ترکی زندہ باد، پاکستان زندہ باد، سیلاب کی تباہی سے 4 کروڑ افراد بے گھر ہوگئے جبکہ ہزاروں اموات ہوگئیں’۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مداحوں سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی بھی درخواست کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سیلاب متاثرین کے لئے فنڈ ریزنگ کی تقریب میں اداکارہ میرا نے بھی لندن میں پرفارمنس پیش کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا میں وائرل ہونے والی ویڈیو میں میرا نے نیویارک کے علاقے بروکلین کی سڑک پر گہرے گلابی رنگ کا شرارے پہنے دلہن کی طرح سج سنور کر پنجابی گانے پر ڈانس کیا جس سے دیکھنے والے محظوظ ہوئے۔ اداکارہ نے اپنی اس پوسٹ پر مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے فنڈریز کرنے کی خاطر آج میں نے نیویارک میں پرفارم کیا، میری تمام مسلمانوں سے خلوص دل سے گزارش ہے کہ براہ کرم آگے آئیں اور مدد کریں۔میرا کا کہنا تھا کہ کسی ایک خاندان کو اگر چھت میسر آجائے، کوئی ایک خاندان بھی اس مشکل سے نکل سکے تو میں ایک آرٹسٹ ہونے کے ناطے دنیا کے کسی بھی حصے میں پرفارم کرنے کے لیے تیار ہوں۔

مزید برآں، ملکی تاریخ میں آنیوالا اس سیلاب نے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ہرطرف تباہی مچادی جس سے لاکھوں اموات، ہزاروں کی تعداد میں مکانات واملاک تباہ ،کئی ہزار مویشیوں کی ہلاکت، ہزار ایکڑ رقبے پر کھڑیں فصلیں ،مواصلاتی نظام اور ٹرین سروس بھی معطل ہوچکی ہیں اور ان علاقوں میں اشیاء کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہونیوالے متاثرین ریلیف کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث اس وقت ملک کا تقریباً ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی خطرناک موجیں اپنے ساتھ سب کچھ بہا کر لے گئی ہیں اور متاثرین کھلے آسمان تلے اردگرد پھیلے آلودہ پانی کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *