کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر نے گولڈ میڈل جیت لیا


0

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کی کامیابیوں کا آغاز ہوگیا ہے، ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے 405 کلو گرام وزن اٹھا کر پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد نوح نے 109 کلو گرام سے زیادہ وزن کے ویٹ لفٹرز کے مقابلے میں مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ویٹ لفٹر ڈیوڈ لیٹی نے دوسری جبکہ انڈیا کے گردیپ سنگھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

Image Source: Twitter

ویٹ لفٹر محمد نوح کی اس شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’ویل ڈن بٹ صاحب‘۔

محمد نوح دستگیر بٹ کا تعلق پہلوانی، کبڈی اور ویٹ لفٹنگ کے لیے مشہور شہر گوجرانوالہ سے ہے اور انہیں ویٹ لفٹنگ کا شوق ورثے میں ملا ہے۔کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر انہوں نے 405 کلو گرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔ محمد نوح کی اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن کی لفٹس کامن ویلتھ گیمز کی 109 ویٹ کیٹیگری کی ریکارڈ لفٹس ہیں۔

Image Source: Twitter

واضح رہے محمد نوح نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے سے قبل 2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔انہوں نے 2017 اور 2021 میں منعقدہ کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں چاندی کے تمغے جیتے۔

دوسری جانب، محمد نوح کی اس شاندار کامیابی کا جشن پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھی منارہے ہیں۔ ٹوئٹر پر اس وقت ٹاپ ٹرینڈز میں ان کا نام دکھائی دے رہا ہے۔اپنی اس کامیابی پر محمد نوح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج کی جیت اور گولڈ میڈل اپنے ملک اور والد کے نام کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ والد نے میرے گولڈ میڈل کے لیے 12 سال محنت کی ہے اور اس لیے میں یہ میڈل ان کے نام کرتا ہوں۔ نوح بٹ نے کہا کہ جن لوگوں نے میرے لیے دعائیں کیں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے امید نہیں تھی کہ مجھے اتنے زیادہ پاکستانی سپورٹ کرنے آئیں گے۔

کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر حکومت کی طرف سے محمد نوح کےلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ محمد نوح کا گولڈ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پاکستان کا صرف دوسرا گولڈ میڈل ہے، اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے پاکستان کے لئے ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

اس سے قبل اولمپکس کی تاریخ میں پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔ وہ اولمپکس میں میڈل تو نا جیت سکے مگر انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *