پاکستانی اریش فاطمہ دنیا کی کم عمر مائیکروسوفٹ پروفیشنل بن گئیں


0

ننھی اریش فاطمہ نے مائیکروسوفٹ پروفیشنل بن کر ملک کا نام روشن کردیا اور محض چار سال کی عمر میں وہ مائیکرو سافٹ پروفیشنل ( ایم سی پی ) بن گئی ہے۔ اس کامیابی نے انہیں ان ذہین پاکستانیوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے، جنہوں نے کم عمری میں ایم سی پی کی سند حاصل کی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی اس کمسن بچی نے مائیکرو سافٹ کے پروفیشنل امتحان میں شرکت کی جس میں عام طور پر اس شعبے میں مہارت رکھنے والے شامل ہوتے ہیں کیونکہ اس امتحان کے تحت امیداوروں کی تکنیکی قابلیت کو جانچا جاتا ہے۔

Image Source: Twitter

تاہم ، کم عمر اریش سوفٹ وئیر میں اپنی ماہرانہ صلاحیتوں سے حیرت انگیز طور پر یہ بہترین نتائج کے ساتھ یہ امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہوگئیں ۔

مائیکرو سوفٹ کے زیر اہتمام اس امتحان کو پاس کرنے کے لئے کم سے کم 700 پوائنٹس کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ ننھی اریش فاطمہ 831 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

والدین کے مطابق چار سالہ اریش ذہین ہیں اور ان کا حافظہ کافی تیز ہے ، وہ ایک نظر میں چیزوں کو حفظ کرنے کی ایک خاص صلاحیت رکھتی ہیں۔ اپنی اس خداداد صلاحیت کے باعث عریش 6 سال کی عمر میں قرآن کریم حفظ کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔

Image Source: Twitter

ان کے والدین نے جب اپنی بیٹی میں انٹرنیٹ کے توسط سے نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت اور تجسس کو دیکھا تو انہوں نے اس کی دلچسپی کمپیوٹر سیلھنے کی جانب راغب کی۔ اریش کے والد جو آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں ، انہوں نے اپنی بیٹی کی ذہانت اور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ان کو کمپیوٹر اسکلز سیکھنے میں ان کی بھرپور رہنمائی کی۔ کورونا کے دوران لاک ڈاؤن میں اریش کے والد نے انہیں مائیکرو سافٹ ورڈ اور مائیکرو سافٹ آفس پر کام کرنا سکھایا اور وہ اپنی عمدہ یاداشت سے ان دونوں سوفٹ وئیرز پر مہارت حاصل کرتی چلی گئیں اور بلآخر امتحان میں کامیاب ہوگئیں۔

ننھی اریش نے مائیکروسافٹ آفس کی جو تکنیکی سرٹیفیکیشن حاصل کی ہے ، اس میں امیدوار ایم ایس آفس سویٹ کی بنیادی خصوصیات کی مدد سے ایم ایس آفس کی مختلف ایپلی کیشنز میں اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مختلف اقسام کی دستاویزات بناتے ہیں جن میں ٹیبلز ، رپورٹیں ، چارٹ وغیرہ شامل ہیں۔

Image Source: Twitter

اس سے قبل برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد برطانوی آیان قریشی پانچ سال کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل امتحان پاس کر کے دنیا کے کم عمر ترین کمپیوٹر پروفیشنل بن چکے ہیں۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بچوں کے شوق اور ذہانت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنا والدین کی رہنمائی کے بغیر ممکن نہیں ، یہی وجہ ہے کہ ننھی اریش کی گہری دلچسپی اور اس کے والدین کی صحیح رہنمائی کی بدولت آج چار سال کی اریش مائیکرو سافٹ پروفیشنل کا یہ اہم سنگ میل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں ہیں اور اس کم سنی میں انہوں نے ملک وقوم کا نام بلند کردیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *