
مقبول پاکستانی ڈرامے ‘عہد وفا’ ، ‘یقین کا سفر ‘ اور ‘یہ دل میرا’ کے ہیرو احد رضا میر اب جلد ہی نیٹ فلیکس کی ہارر لائیو ایکشن ویب سیریز میں برطانوی، امریکی، جاپانی اور یوکرینی اداکاروں کے ہمراہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
اس حوالے سے شوبز ویب سائٹ کی رپورٹ میں تصدیق کی ہے کہ احد رضا میر نیٹ فلیکس کی ’ریزیڈنٹ ایول‘ نامی ڈراؤنی سیریز میں دکھائی دیں گے، جس میں مختلف ممالک کے اداکار بھی شامل ہیں۔ احد رضا میر کے کردار کے حوالے سے نیٹ فلیکس نے فوری طور پر کوئی وضاحت اور تصدیق نہیں کی کہ انہیں کون سا کردار دیا جائے گا، تاہم انہیں ایشیائی کردار دیا جاسکتا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ ویب سریز جاپانی ویڈیو گیم سے ماخوذ ہے۔

پاکستانی ڈراموں میں بہترین اداکاری پیش کرنے والے احد رضا میر اس سے پہلے بھی برطانیہ میں ’ہیملیٹ اے گھوسٹ اسٹوری‘ نامی اسٹیج تھیٹر میں مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں جس میں ان کی بہترین پرفارمنس پر امریکی تنظیم نے انہیں عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ معروف انگریز مصنف ولیم شیسکپیئر کے شہرہ آفاق تھیٹر ڈرامے ’ہیملیٹ‘ (دی ٹریجڈی آف ہیملیٹ، پرنس آف ڈنمارک) میں بھی پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔
احد رضا میر کو پاکستانی ڈراموں کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی کافی شہرت حاصل ہے، انہیں ان کی اہلیہ سجل علی کے ہمراہ اسکرین پر سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ احد رضا میر اور سجل علی ویب سریز ‘دھوپ کی دیوار’ میں بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، جسے زی فائیو پر نشر کیا گیا تھا، یہ ویب سریز حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے دونوں ممالک کے فوجیوں کے خاندانوں کو پیش آنے والی مشکلات کے گرد گھومتی ہے۔

اس ویب سیریز میں احد رضا میر نے ایک ہندو لڑکے جبکہ سجل علی نے ایک مسلمان لڑکی کا کردار ادا کیا اور ان دونوں کے والد سرحد پر ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں مارے جاتے ہیں۔ جس کے بعد دونوں میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرتے نظر آتے ہیں۔ پھر ان دونوں کرداروں کی دشمنی کو دوستی اور پسندیدگی میں تبدیل ہوتے دکھایا گیا ہے اور وہ یہ محسوس کرنے لگتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ان ممالک میں رہنے والے لوگوں کی باہمی لڑائی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ احد رضا میر سے پہلے شوبز انڈسٹری کے سپر اسٹار ہمایوں سعید کو لیڈی ڈیانا پر بننے والی نیٹ فلیکس کی معروف سیریز “دی کراؤن” کے پانچویں سیزن کے لئے کاسٹ کیا گیا ہے۔ اس خبر کی اطلاع حسن زیدی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں دی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ بگ بریکنگ: اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ نیٹ فلیکس کی پروڈکشن ’دی کراؤن‘ میں ہمارے اپنے ہمایوں سعید بھی ہوں گے‘۔ وہ ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کریں گے جو لیڈی ڈیانا کے ’سچے پیار‘ تھے اور شہزادی انہیں ’مسٹر ونڈرفل‘ کہتی تھیں۔ اس خبر پر سوشل میڈیا پر ہمایوں سعید کی خوب پزیرائی ہوئی تھی۔
0 Comments