اداکارہ حرا مانی ڈیفینس میں اپنی رہائش گاہ کے باہر لوٹ مار کا شکار


0

پاکستان کی مشہور ومعروف اداکارہ حرا مانی کو ہفتے کے روز کراچی میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے انہیں ان کے گھر کے باہر گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا تھا۔ اس خبر کی تصدیق خود اداکارہ حرا مانی نے سوشل میڈیا پر کی۔ اس دوران جاری کردہ پیغام میں اداکارہ حرا مانی نے واردات کرنے والے ملزمان کو مخاطب کرکے کہا “جا تجھے معاف کیا، میرا موبائل چھیننے والے “

اداکارہ حرا مانی کی جانب سے اس افسوناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کی اسٹوریز پر جاری کی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں واقع اداکارہ حرا مانی کے گھر کے باہر موجود ہیں ۔

اس دوران جیسے ہی اداکارہ حرا مانی کی گاڑی ان کے گھر کے باہر آکر رکتی ہے، تو ان کا بڑا بیٹا گاڑی سے باہر آتا ہے اور گھر کی گھنٹی (بیل) بجاتا ہے۔ چند ہی لمحوں بات اداکارہ حرا مانی کا چھوٹا بیٹا بھی گاڑی سے باہر آتا ہے اور پھر اس ہی لمحے پیچھے سے موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان کی گاڑی کے پاس آکر، ان سے گن پوائنٹ پر واردات کرتے ہیں۔

بتیس سالہ اداکارہ حرا مانی نے انسٹاگرام پر جاری کردہ اسٹویز میں بتایا کہ اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ڈاکوؤں نے ان کو موبائل فون سمیت دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کر دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کا چھوٹا بیٹا ابراہیم چوری کرنے والوں کی توجہ ہٹانے کی صحیح وجہ بنا’۔

اس موقع پر اداکارہ حرا مانی نے پیغام میں شکر ادا کیا کہ لوٹ مار کرنے والوں کی جانب سے بچوں اور انہیں کسی بھی قسم کا کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ بعدازاں اداکارہ حرا مانی کی جانب سے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شئیر کی گئی، جس میں انہوں نے اپنے مشہور ڈرامہ سیریل دو بول کے مقبول ڈائلاگ کو بطور کیپشن استعمال کیا۔ جس میں انہوں نے لکھا “جا تجھے معاف کیا میرا موبائل چھیننے والے “.

بعدازاں پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ملی تو، گزری پولیس اداکارہ حرا مانی کے گھر پہنچی اور چوکیدار کا بیان ریکارڈ کیا۔ اس موقع پر پولیس کا کہنا تھا کہ، پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، جس کی مدد سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جوں ہی اس افسوسناک واقعے کی خبر سوشل میڈیا اور الیکڑانکس میڈیا کے ذریعے اداکارہ کے مداحوں اور شوبز ساتھیوں تک پہنچی تو ان کی جانب سے ناصرف فکر مندی کا اظہار کیا گیا بلکہ چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تفتیش کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے پچھلے چند ماہ میں کراچی میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، آج کل روز کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز جاری کی جاتی ہیں، جس میں دیکھا جاتا ہے کہ نامعلوم ملزمان کی معصوم شہری کو موبائل، نقدی سمیت قیمتی اشیاء سے محروم کردیتے ہیں۔ اس موقع پر عوام کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلوائی جائے۔

یاد رہے چند روز قبل کراچی میں ڈکیتی کا ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکوں جوس سینٹر کو اگلے روز دوبارہ محض اس لئے لوٹا کہ اس نے واردات کی فوٹیج پولیس والوں کو کیوں دی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *