
خیبر پختونخوا کی حکومت نابینا افراد کے لئے صوبہ بھر میں پہلا بریل پرنٹنگ پریس قائم کرے گی۔ یہ بریل پرنٹنگ پریس گورنمنٹ کے زیر انتظام انسٹی ٹیوٹ برائے بلائنڈ پشاور میں قائم کیا جائے گا جس سے نابینا افراد کو خصوصی مشین سے پرنٹ ہونے والی دستاویزات پڑھنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کے لئے اس اہم فیصلے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس پرنٹنگ پریس کے لئے 40.3 ملین روپے جاری کر دئیے ہیں تاکہ ایک ماہ کے اندر یہ پرنٹنگ پریس قائم کردی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے معیاری اور جدید تعلیم کی سہولیات کو یقینی بنانے اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوامی شعبے میں نابینا افراد کے لئے خصوصی ملازمت کا کوٹہ مختص کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ٹولز بھی نابینا افراد میں تقسیم کیے جائیں گے۔

اس منصوبے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےحبیب خان آفریدی ڈائریکٹر برائے سوشل ویلفیئر خصوصی تعلیم اور بااختیار خواتین ، نے کہا کہ صوبے میں سہولیات کا فقدان ہے اور لاہور کی پرنٹنگ پریس سے کام لینا پڑتا ہے۔ اس پرنٹ پریس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ نابینا افراد کے لئے خصوصی سافٹ وئیر تیار کیا گیا ہے جو نابینا افراد کے لئے اردو اور پشتو زبان میں تحریری مواد کو مزید فائدے مند بنائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معذور افراد کے لئےصوبائی ڈیٹابیس (پی ڈبلیو ڈی) میں تقریبا ً148،000 معذور افراد ہیں اگرچہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔ ڈیٹابیس کے مطابق اس میں بصارت، سماعت، جسمانی اور ذہنی معذوری والے افراد شامل ہیں۔

حبیب خان آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت معذور افراد کو خصوصی طور پر سرکاری ملازمتوں میں دو فیصد کوٹہ اور ملازمت کے بعد ماہانہ تین ہزار روپے الاؤنس دیاجاتا ہے۔ دریں اثنا، پاکستان ایسوسی ایشن برائے بلائنڈ خیبرپختونخوا نے حکومت کو نابینا افراد کے لئے اس اہم اقدام پر سراہا ہے کیونکہ بریل پرنٹنگ پریس کا قیام بلائنڈ کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
بلاشبہ علم وہ شمع ہے جس کی روشنی ایک مہذب معاشرے کی ضمانت ہے مگر جن آنکھوں میں نور نہ ہو ان کو روشنی سے کیا مطلب، اسی لیے تو نابینا افراد کے لیے بریل کے فریم کو ہی علم کی شمع کا درجہ دیا جاتا ہے اور ان کو تعلیم سے آراستہ کرنے میں بریل کی اہمیت سے انکار نہیں، جسے چھوکر بصارت سے محروم افراد لکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔ لہٰذا امید کی جاسکتی ہے کہ یہ بریل پرنٹنگ پریس کا قیام نابینا افراد کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔
0 Comments