
یہ سال اپنی اچھی اور بری یادوں کے ساتھ اختتام کی جانب رواں دواں ہے۔ تاریخ میں یہ برس ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اس کی سب سے اہم وجہ چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں پھیل گیا جس کے سبب پورا سال معمولات زندگی متاثر رہیں۔ لیکن زندگی کسی کے لئے روکتی نہیں بلکہ آگے بڑھتی رہتی ہے اس لئے اس سال زندگی کا کارواں سست ہی سہی لیکن چلتا رہا۔
شوبز کی دنیا کی بات کریں تو کورونا کی وباء کے دوران بہت سے شوبز ستاروں کی راہیں جدا ہوئیں اور کئی ستارے لاک ڈاؤن کے دوران ازدواجی بندھن میں بندھتے دکھائی دیئے۔ تاریخ کے اس یادگار سال 2020 میں پاکستان کی کون سی مشہور شوبز شخصیات شادی کے بندھن میں بندھیں جانتے ہیں۔
احد رضا میر اور سجل

شائقین کی پسندیدہ جوڑی احد اور سجل حقیقی زندگی میں ایک دوسرے کے جیون ساتھی بن گئے۔“یقین کا سفر” اور “ یہ دل میرا” میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دیکھانے والی یہ جوڑی ابوظہبی میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں سادہ سی تقریب میں نکاح کے بندھن میں بندھ گئی۔ نکاح کی تقریب کے فوراً بعد ہی “احد کی شادی”سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔
منظر صہبائی اور ثمینہ احمد

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی مقبول ترین 70 سالہ اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ان کی نکاح کی تقریب لاہور میں سادگی سے انجام پائی جس میں صرف ان کے گھر والوں نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کی اس مشکل ترین صورتحال میں یہ خبر ہوا کا ٹھنڈا جھونکا ثابت ہوئی اور دونوں اداکارؤں کو سوشل میڈیا پر خوب مبادکبادیں پیش کی گئیں۔
آغاعلی اور حنا الطاف

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی شوخ وچنچل اداکارہ حنا الطاف اداکار آغا علی کے ساتھ رواں برس لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھیں۔ شادی کی تقریب سادگی سے ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ حنا الطاف سے شادی سے قبل آغا علی کا اداکارہ سارہ خان کے ساتھ کپل سوشل میڈیا پر کافی مقبول رہا تھا۔
شہروز سبزواری اور صدف کنول

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی رواں برس علیحدگی نے جہاں لوگوں کو افسردہ کر دیا وہیں شہروز سبزواری کی ماڈل صدف کنول سے شادی نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا اور ناقدین نے شہروز سبزواری کو دوسری شادی کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور اس جوڑے کے شادی سے قبل تعلقات کا بھی سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا۔ لیکن اس تمام تر صورتحال میں سائرہ یوسف بالکل خاموش رہیں اور انہوں نے اس علیحدگی پر کہیں بھی اپنا کوئی موقف پیش نہیں کیا۔
دانیال راحیل اور فریال محمود

پاکستانی اداکار دانیال راحیل اور فریال محمود نے بھی اس سال سادگی کے ساتھ خاموشی سے شادی کرکے شائقین کو حیران کردیا۔ یہ شادی لاہور میں سادگی کے ساتھ گھریلو افراد کی موجودگی میں انجام پائی۔
فلک شبیر اور سارہ خان

“ثبات“ ڈرامے میں منفی کردار ادا کرنے پر شائقین میں مقبول ہونے والی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ سارہ خان گلوکار فلک شبیر کی شریک حیات بن گئیں۔ پہلے منگنی پھر گلوکار فلک شبیر اور سارہ خان کا نکاح، اس شادی کی اچھی بات یہ تھی کہ چند دن میں ہی تمام تقاریب انجام پاگئیں۔ اس جوڑے کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
عمر فاروقی اور آمنہ شیخ

محب مرزا کی سابقہ اہلیہ اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ نے بھی معروف بزنس مین عمر فاروقی کے ساتھ دوسری شادی کرلی۔ آمنہ شیخ نے پہلے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انگوٹھی کی تصویر لگائی جس پر قیاس آرائیوں کے بعد انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے شوہر عمر فاروقی اور اپنی بیٹی کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں۔
عمیر جسوال اور ثناء جاوید

شوبز انڈسٹری کی ٹیلینٹڈ وخوبرو ادکارہ ثناء جاوید نے اکتوبر میں گلوکار عمیر جسوال کو اپنا جیون ساتھی بنالیا۔ ثناء جاوید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سادہ سی شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی شادی کی اطلاع دی۔ شادی سے قبل بھی ان کا نام عمیر جسوال کے ساتھ جوڑا گیا تھا لیکن انہوں نے اس کی نفی کردی دی تھی تاہم کچھ ہی دنوں بعد اس جوڑے کی شادی کی خبر سامنے آگئی۔
رباب ہاشم اور صہیب شمشاد

“میرے محسن “ ڈرامہ کی نازک وپیاری سی اداکارہ رباب ہاشم نے صہیب شمشاد کے ساتھ ماہِ نومبر میں شادی کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔ رباب ہاشم نے میڈیا میں اپنے کیرئیر کا آغاز میزبانی سے کیا اور پھر اداکاری کی جانب آئیں اور کئی ڈراموں میں ایکٹینگ کرکے شائقین سے داد سمیٹی۔ رباب ہاشم کی اپنے دولہا کے ہمراہ مہندی اور نکاح کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
0 Comments