
پاکستان میں خون لیے بغیر گردوں کے علاج کیلئے پہلی ڈائلیسز مشین تیار کرلی گئی ہے۔ پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی مواصلات نے بائیونکس (امریکہ میں قائم میڈیکل ڈیوائسز کمپنی) کے اشتراک سے ملک کی پہلی خون لئے بغیر گردوں کی ڈائلیسیز مشین تیار کرلی ہے۔
بائیونکس میڈیکل ڈیوائسز نامی امریکی کمپنی نے بائیو ٹیکنالوجی کو ڈائیلیسزمشین تیار کرنے میں تعاون فراہم کیا۔ بائیونکس کی روبو کڈنی نامی یہ مشین گردے کی تکلیف میں مبتلا مریضوں کو گھر بیٹھے علاج کی سہولت مہیا کرتی ہے۔ بائیونکس کے بانی پاکستانی نژاد فرخ عثمان نے کہناہے کہ روبو کڈنی مشین کے ذریعے مریضوں کو اپنے گھروں میں ہی آرام سے ڈائیلاسس ٹریٹمنٹ مل سکے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ متعدد مریضوں نے پاکستان کے ماہر نیفروولوجسٹ کی زیرنگرانی بغیر درد کے اس ڈائلیسیزکا طریقہ کار بھی استعمال کیا ہے۔
پاکستان میں تیار کی گئی یہ مشین گردوں کے علاج میں خون لیے بغیر ہی علاج کی صلاحیت رکھتی ہے اور گردوں کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی جیسے امراض سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
اس حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے وزیر سید امین الحق نے بائیونکس کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے الیکٹرو میڈیکل آلات تیار کرنے پر بائیونکس کے سربراہ فرخ عثمان کی کاوشوں پر ان کو اور ان کی ٹیم کو تعریف بھی پیش کی .
.
یہ بھی بتاتے چلیں کہ جرمنی ، جاپان ، فرانس ، چین اور امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کے بعد پاکستان دنیا کا پانچواں ایسا ملک ہے جس نے بغیر خون لئے گردے ڈائلیسیز کر نے کی مشین تیار کرلی ہے۔
خیال رہے کہ روبو کڈنی کے علاوہ پاکستان میں گردوں کی دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئے ہیمو ڈائلیسیز مشین دستیاب ہے جو مریض کے خون کو ڈائلیسیز مشین کے ذریعے اضافی مائع نکالنے کے بعد صاف شدہ خون فراہم کرتی ہے۔

ہیموڈائلیسیز کے برعکس روبو کڈنی نامی یہ مشین گردے ڈائلیسس کرنے کا ایک خود کار پیروٹونیل ڈائلیسیز (اے پی ڈی) طریقہ استعمال کرتا ہے جس سے ڈائلیسیز پر 97 فیصد پانی کی بچت ہوتی ہے کیونکہ ہیمو ڈائلیسیز پر ہر سال 10 مریضوں کے لئے 10 لاکھ لیٹر پانی استعمال کرتی ہے۔

خیال رہے کہ ایڈوانس اسٹیج کے گردوں کے علاج کے لئے ڈاکٹر مریض کے لئے ڈائلیسز تجویز کرتے ہیں جو کافی پیچیدہ عمل ہوتا ہے۔ پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی نے خون لیے بغیر ڈائلیسز کی مشین تیار کرکے مریضوں کے لئے آسانی پیدا کردی ہے۔
واضح رہے کہ اگلے چند مہینوں میں اس مشین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع ہو جائے گی اور بائیونکس اس روبو کڈنی مشین کو پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لئےبھی تیار کرے گی۔
امید کرتے ہیں کہ یہ جدید الیکٹرو میڈیکل ڈیوائس پاکستان میں گردوں کے مریضوں کے لئے علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ مزید یہ کہ اس مشین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور دیگر ممالک کو اس کی برآمدگی پاکستان کی معیشت کو بھی بہتر بنائے گی۔
0 Comments