
قدرتی خوبصورتی سے مالا مال مقامات کو دیکھنے اور وہاں کچھ لمحات گزارنے کی خواہش تقریباً ہر کوئی ہی رکھتا ہے۔ان جگہوں کی سیر ہماری صحت اور ذہن دونوں پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔جبھی نفسیاتی اور ماہرین صحت بھی لوگوں کو اچھی صحت کے لیے ورزش اور خوراک کے ساتھ سیر و سیاحت کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔اس لئے یہاں پر قدرتی خوبصورتی سے مالا مال دنیا کے سیاحتی مقامات کا ذکر کرنا بھی ضروری بنتا ہے یہ وہ مقامات ہیں جو خوبصورتی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔
ویسے تو دنیا میں قدرتی خوبصورتی کی کوئی کمی نہیں لیکن ان میں سات سرفہرست جگہیں ایسے ہیں، جن میں سے ہر ایک اپنی نوعیت کی دنیا میں ایک ہی مثال ہے۔

دنیا کی سات خوبصورت جگہیں
روم، اٹلی

اٹلی کا دارالحکومت روم جسے لگ بھگ ایک ہزار سال تک مغربی دنیا کا سب سے اہم سیاسی مرکز، امیر ترین اور بڑے شہر کا اعزاز حاصل رہا اب بھی اپنے تاریخی آثار کی بنا پر دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔ مگر یہاں کی جدید عمارات اور دریا کے کنارے کی سیر بھی لوگوں میں بہت مقبول ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد تعطیلات منانے کے لیے آتے ہیں۔
بالی، انڈونیشیا

اسے انڈونیشیا کی جنت بھی کہا جاتا ہے جو کسی خوابوں کی سرزمین سے کم نہیں۔جزیرہ بالی اپنی روایتی مندروں، سرسبز دھان کے کھیتوں، آتش فشانی پہاڑوں اور ساحلوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔اس طرح یہ تاریخی مقامات کے دلدادہ افراد کے ساتھ سمندری مقامات اور دیگر قدرتی مناظر کے پرستاروں کے لیے بھی مثالی مقام ثابت ہوتا ہے۔
استنبول، ترکی

استنبول ،ترکی کا یہ شمال مغربی شہر باسفورس کے ایک جانب یورپ کے علاقے تھریس اور دوسری جانب ایشیا کے علاقے اناطولیہ تک پھیلا ہوا ہے اس طرح وہ دنیا کا واحد شہر ہے جو دو براعظموں میں واقع ہے۔استنبول تاریخ عالم کا واحد شہر جو تین عظیم سلطنتوں کا دارالحکومت رہا ہے جن میں رومی سلطنت، بازنطینی سلطنت اورسلطنت عثمانیہ شامل ہیں۔
استنبول کو ”سات پہاڑیوں کا شہر“ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ شہر کا سب سے قدیم علاقہ سات پہاڑیوں پر بنا ہوا ہے جہاں ہر پہاڑی کی چوٹی پر ایک مسجد قائم ہے، یہاں جدت و قدامت کا امتزاج دیکھنے والوں کے لیے یہاں کا سفر زندگی کا یادگار ترین تجربہ بنادیتا ہے۔
کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقا

جنوبی افریقا کا شہرکیپ ٹاؤن سفید ریت سے ڈھکے ہوئے ساحل سمندروں کی قطار میں موجود ہے جب کہ دل لبھانے والے مناظر پہاڑ کی چوٹیوں سے شہر کا منظر انتہائی حسین بنا دیتے ہیں جیسے اس جیسا کوئی شہر ہی نہ ہو۔
میکسیکو

میکسیکو جو کہ شمالی امریکی ملک ہے اور دنیا کا 11 واں سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے۔یہ شہر اپنے ساحلوں، اسکوبا ڈائیونگ اور بحری حیات کے لیا جانا جاتا ہے۔ جبکہ مایا تہذیب کے کھنڈرات بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ ان مقامات کی خوبصورتی کی وجہ سے ہر سال ہر سال 21.4 ملین سیاح اس کا دورہ کرتے ہیں۔
شفشاون، مراکش

خوبصورتی میں مشہور دنیا کے بہترین جگہوں میں مراکش کے شہر شفشاون کا ذکر بھی ہوتا ہے۔اس شہر کو ’نیلے موتی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے کیونکہ پورے قصبے پر نیلا رنگ رنگا ہوا ہے۔یہاں کی موسیقی، ساحل اور لوگوں کا طرز زندگی سب سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننے والے عوامل ہیں۔جبکہ اس شہر کی گلیاں قدیم دور کے پتھروں کی نقش کاری کا خوبصورت نظارہ پیش کرتی ہے اور سر سبز پہاڑ اس شہر کی دلکشی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اپنی زمین سے محروم دنیا کی چار قومیں کونسی ہیں؟
کریٹ، یونان

یہ بحیرہ روم کا پانچواں سب سے بڑا جزیرہ بھی ہے اور لاکھوں سیاح یہاں کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے آتے ہیں۔ سلطنت عثمانیہ نے اسے فتح بھی کیا مگر پہلی جنگ عظیم کے موقع پر اس کے کمزور ہونے پر یونان کے قبضے میں چلا گیا۔
0 Comments