
پھولوں میں گلاب کے پھول کو اپنی خوبصورتی کے باعث خاص اہمیت حاصل ہے، گلاب جیسی رنگت اور خوشبو کسی دوسرے پھول میں نہیں ہے۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کے پھل کے استعمال سے صحت سے متعلق کئی مسائل پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔ دی ہربل کچن نامی کتاب کی مصنفہ ڈاکٹر کیمی مِک برائڈ کے مطابق گلاب کا پھل جس کو ‘روزہِپ’ کہا جاتا ہے، یہ پھل طبی فوائد سے بھرپور ہے جسے بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے، سب سے بڑھ کر ان میں نارنگی سے سینکڑوں گنا زائد وٹامن سی پایا جاتا ہے بالخصوص گلاب کے پھول کی چائے موسمِ سرما میں سردی سمیت کئی امراض سے بچاتی ہے۔
لہٰذا اب ماہرین نے گلاب کے پھول کو غیرمعمولی اہمیت دینا شروع کی ہے جو طبی تاریخ میں بھی اہمیت کا حامل ہے، سب سے بڑھ کر اس میں وٹامن سی کا خزانہ موجود ہے، امریکی محکمہ زراعت کی تحقیق کے مطابق ایک چمچہ بھر پھل میں 11 ملی گرام وٹامن سی، موجود ہوتا ہے اور بالغ خواتین کو روزانہ 75 ملی گرام وٹامن سی درکار ہوتا ہے۔اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے، بی تھری، وٹامن ای اور قیمتی معدنیات اور دیگر اجزا پائے جاتے ہیں، اس کے علاوہ میگنیشیئم، تانبہ اور جست بھی اس کا جزو ہیں۔اس میں موجود فلے وینوئڈز اندرونی سوزش (جلن) کو دور کرتے ہیں جس سے معدے اور آنتوں کی صحت اچھی رہتی ہے۔

اگرچہ اس کا ذائقہ کچھ کھٹا اور میٹھا ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے سلاد کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، بصورتِ دیگر اس کا سفوف بھی غذائی اشیا پر چھڑکا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ پھل کا سفوف شہد میں ملاکر بھی کھایا جاسکتا ہے۔سب سے بڑھ کر گلاب کے پھل کی چائے دنیا بھر میں پی جاتی ہے جسے آپ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق گلاب کے پھل کے ساتھ ساتھ اس کے پھول کی پتیاں بھی صحت کے مسائل دور کرنے میں مددگار ہوتی ہیں جیسکہ بواسیر کے دوران خون اور درد کے مسئلے سے اس کے سفوف سے نجات مل جاتی ہے۔ یہ ذہنی تناو اور ڈپریشن سے نجات کا بھی ذریعہ ہے مثال کے طور پر اگر آپ تھکاوٹ، ذہنی دباؤ اور تناؤ کی وجہ سے سو نہیں پا رہے ہیں تو اپنے بستر پر گلاب کے پھول رکھیں ، گلاب کی خوشبو ان تمام ذہنی مسائل پر قابو پانے میں مدد دیتی ہے۔ایک تحقیق یہ بتاتی ہے گلاب کے پھول کو سونگھنے سے دماغ پرسکون ہوتا ہے۔ گلاب کا پھول آپ کے وزن میں بھی کمی کرسکتا ہے کیونکہ گلاب کی پنکھڑیوں میں موجود عناصر جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں مدد دیتے ہیں اور میٹابولزم کو بڑھاتے ہیں جس سے موٹاپا کم ہوتا ہے۔اگر آپ کو بار بار بھوک لگتی ہے تو گلاب کی پتیاں کھانے سے بھوک کنٹرول میں رہتی ہے اور اس طرح سے وزن بھی کنٹرول میں رہتا ہے۔

اس کے علاوہ محبت کے اظہار میں بھی گلاب اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ اپنے پیاروں کو کسی خاص موقع پر گلاب کا پھول بھیجنے کی روایت کافی پرانی ہے جس میں گلاب کے گلدستے کو غیر زبانی پیغامات بھیجنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔عام طور پر گلاب کے گلدستے کو درجن بھر گلابوں کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے، اس تعداد کو دیو مالائی کہانیوں میں بھی اہم سمجھا جاتا تھا جب کہ فطرت کے بہت سے پہلوؤں کے ساتھ بھی اس تعداد کو جوڑاجاتاہے۔جیسکہ سال کے بارہ مہینے، گھڑی کے بارہ گھنٹے اور ستاروں کے علم کے بارہ برج وغیرہ۔
0 Comments