
عید الاضحیٰ کے موقع پر لوگ گوشت کی بنی ہوئی مختلف ڈشز سیر ہوکر کھاتے ہیں اور ان کے ساتھ سوفٹ ڈرنک کا استعمال لازمی کیا جاتا ہے۔ مگر ماہرین کی تحقیق کے مطابق یہ سوفٹ ڈرنک فوری طور پر تو یہ تاثر دیتے ہیں کہ غذا ہضم ہوگئی لیکن حقیقی معنوں میں ان کا استعمال غیر مفید ہوتا ہے۔
اس لئے گوشت کھاتے ہوئے مختلف اقسام کی سوفٹ ڈرنکس سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ کھانے کے فوراً بعد پانی یا کسی بھی قسم کے مشروب کے استعمال کے سبب معدے میں موجود تیزاب کے اثرات پانی یا مشروب کی آمیزش کے سبب کم ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے معدے میں موجود غذا یا گوشت کو ہضم ہونے میں زيادہ وقت لگ جاتا ہے اور یہ ہاضمے میں مددگار ہونے کے بجائے اس میں تاخیر کا باعث بن جاتے ہیں۔
لہٰذا اس بار بقر عید پر بدہضمی، تیزابیت، جلن اور ان سے جڑے دیگر مسائل سے بچنے کے لئے کونسے مشروبات کا انتخاب کرنا چاہیے آئیے بتاتے ہیں؛
لیموں پانی

عیدالاضحیٰ میں گوشت کے پکوان کھانے کے 15 منٹ بعد لیموں پانی پئیں۔ لیموں پانی میں پودینے کے چند پتے ڈال کر (نمک اور چینی کے بغیر ) وقفے وقفے سے استعمال کریں۔
نمکین لسی

نمکین لسی بھی پینا نہایت مفید ہے۔ لسی میں کالی مرچ اور نمک ملا کر پینے سے معدہ کی تیزابیت دور ہوتی ہے اس سے گوشت ہضم ہونے میں آسانی ہوتی ہے۔
ادرک کی چائے

کھانے کے بعد ادرک کی چائے ہاضمے میں مدد کرتی ہے اور یہ معدے کی ہضم کرنے اور کھانے کو جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔
گرین ٹی

ایک کپ گرین ٹی پینے سے میٹابولزم کی شرح کو بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ عام دودھ والی چائے بھی پی جاسکتی ہے لیکن وہ ایسی چائے ہونی چاہیے جس میں چینی کم ہو۔
سونف کی چائے

یہ چائے نظام ہاضمہ بہتر بناتی ہے اور جسم سے گیس کو بھی خارج کرتی ہے اور پیٹ پھولنے کا مسئلہ حل ہوتا ہے۔ ایک سے 2 کھانے کے چمچ سونف کو پیس لیں اور اسے ایک کپ میں ڈالنے کے بعد اس میں گرم پانی شامل کردیں، اس کپ کو ڈھانپ دیں اور دس منٹ کے لیے ہلائیں، اس کے بعد چھان لیں اور چائے سے لطف اندوز ہوں، اس میں شہد کا اضافہ بھی کردیں۔
قہوہ

عید الاضحیٰ پر جب بھی گوشت کھائیں تو یہ قہوہ پئیں، اس کو بنانے کے لئے سونف 1/4 گرام، زیرہ 1/4 گرام، ادرک 1 گرام، الائچی 5 دانے اور شکر سرخ نصف چمچ کو ڈیڑھ کپ پانی میں پکا کر بطورقہوہ استعمال کریں۔
علاوہ ازیں، بقر عید پر کھانے پینے میں اعتدال سے کام لیتے ہوئے گوشت کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور پھلوں کا بھی زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے حتی الامکان باہر کے اور زیادہ مرچ مسالوں والے کھانوں سے گریز کریں تاکہ مختلف قسم کی بیماریوں سے محفوظ رہیں اور اچھے طریقے سے عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
0 Comments