
گلوکار عاطف اسلم کے بیٹے بھی ان کے نقش قدم پر چل نکلے ہیں اور انہوں نے اپنی پہلی ہی پر فارمنس میں اپنی آواز کا جادو جگا کر شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔ یہ کہاوت تو ہم اکثر سنتے آئیں ہیں کہ پوت کے پاؤں پالنے میں نظر آجاتے ہیں، عاطف اسلم کے بیٹے نے اس بات کی تازہ ترین مثال دیدی ہے۔ حال ہی میں کوک اسٹوڈیو میں عاطف اسلم کی آواز میں پڑھا جانے والا کلام ‘تاجدارِ حرم’ کے اب ان کے بیٹے نے اپنی آواز میں پڑھ کر سماں بندھ دیا۔
سوشل میڈیا پر عاطف اسلم کی بیٹے احد کے ہمراہ ایک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں عاطف اپنے بیٹے سے مقبول کلام تاجدارِ حرم کے چند اشعار پڑھوا رہے ہیں۔ مذکورہ ویڈیو میں عاطف اسلم اپنے بیٹے کے ہمراہ اسٹیج پر موجود ہیں جبکہ ان کے بیٹے کو کلام تاجدار حرم کی چند لائنز پڑھتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں عاطف اسلم اپنے بیٹے کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے انہیں اسٹیج پر جوائن کیا اور ساتھ ہی مداحوں کو بتاتے ہیں کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میرے بیٹے نے اسٹیج پر میرے ساتھ کچھ گایا ہے۔

وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عاطف اسلم اور ان کے بیٹے کو داد دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو میں عاطف اسلم کی آواز میں پڑھی جانے والی حمد ’وہی خدا ہے‘ اور ’تاجدارِ حرم‘ کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ تاجدار حرم ناصرف کوک اسٹوڈیو بلکہ پاکستان کی تاریخ کا مقبول ترین کلام بھی ہے جس کے یوٹیوب پر ویوز کی تعداد بھی کروڑوں میں ہے۔
پاکستان سمیت عالمی سطح پر موسیقی کی دُنیا میں اپنی آواز سے خاص مقام بنانے والے عالمی شہرت یافتہ 39 سالہ گلوکار عاطف اسلم کے انسٹاگرام پر 5 ملین یعنی 50 لاکھ فالوورز ہیں۔انسٹاگرام پر 5 ملین فالوورز کے بعد عاطف اسلم پاکستان کی اُن شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں جن کو انسٹاگرام پر لاکھوں کی تعداد میں فالو کیاجاتا ہے۔ مشہور گانوں میں اپنی سریلی آواز کا جادو جگانے والے عاطف اسلم کا کلام “اسماء الحسنہ “جو اللہ کے 99 ناموں پر مشتمل ہے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا اور اسے یوٹیوب پر اب تک 22 ملین افراد دیکھ چکےہیں۔
یاد رہے کہ گانوں کے ساتھ ساتھ عاطف اسلم کی جانب سے پڑھے گئے کلام بھی بہت پسند کیے جا رہے ہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر اذان بھی ریکارڈ کر کے ڈالی تھی اور اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ مسجد الحرام میں اذان دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں، گزشتہ برس عاطف اسلم کا نام معروف امریکی میگزین فوربس ایشیاء کی جانب سے ڈیجیٹل دنیا کے 100 متاثر کن ستاروں کی اس فہرست میں شامل کیا گیا، جنہوں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو لطف اندوز کیا۔ امریکی میگزین کی جاری کردہ اس فہرست میں بھارتی اداکاروں کی موجودگی میں پاکستانی گلوکار کا اپنی جگہ بنانا یقیناً پاکستان انڈسٹری کے لیئے قابل فخر بات ہے۔
0 Comments