
پاکستان شوبز انڈسٹری کے دو ستارے ماڈل و اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار و اداکار فرحان سعید تقریباً 5 برس قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے مگر اس جوڑی کے بارے میں 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات، بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں اور تب سے لے کر اب تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا۔ البتہ اب یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ فرحان سعید اور عروہ حسین کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے اور دونوں نے ایک بار پھر ایک ساتھ زندگی گزارنا شروع کردی۔
تاہم، فرحان سعید نے حال ہی میں بی بی سی اردو کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ جن لوگوں کی خواہش ہے کہ وہ یہ جان جائیں کہ ان کے بیڈ روم میں کیا چل رہا ہے، انہیں وہ ایسی خواہش رکھنے پر روک یا ٹوک نہیں سکتے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے اپنے کیریئر، گلوکاری سے اداکاری میں جانے اور اپنے ڈراموں کی مقبولیت پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں آن ائیر ہونے والے ڈرامے ’میرے ہمسفر‘ میں نیچرل اداکاری کی ہے، جس وجہ سے ان کی اداکاری کو سراہا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فرحان سعید نے بتایا کہ انہوں نے آج تک جن بھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے، ان کی جوڑی کو پسند کیا گیا اور انہیں بہترین جوڑی کے چار ایوارڈ بھی مل چکے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی کی طرح اس بار بھی ان کی جوڑی کو پسند کیا جا رہا ہے اور لوگ انہیں ہانیہ عامر کے ساتھ ’میرے ہمسفر‘ میں دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں۔

فرحان سعید کا کہنا تھا کہ یہ اتفاق ہے کہ انہوں نے ہر ڈرامے می پھوپھو یا چچا کی بیٹی سے شادی اور محبت کی، ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھتے وقت انہوں نے ان باتوں پر خیال ہی نہیں کیا مگر ان کے مداحوں نے ان کی یہ بات بھی نوٹ کی۔

ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کرنے اور اس پر لوگوں کی تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فرحان سعید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ وہ لوگوں کو یہ بھی بتائیں کہ ان کے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے۔ اداکار نے مزید بتایا کہ تاہم وہ ان لوگوں کو روک بھی نہیں سکتے جن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جان سکیں کہ اداکار کے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے۔
فرحان سعید نے واضح کیا کہ جب بھی کوئی معروف شخصیت کوئی مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرے گی تو اس کے منفی اور مثبت دونوں پہلو نکلیں گے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعریفوں کو سنا جائے اور تنقید پر برہمی کا اظہار کیا جائے۔
مزید پڑھیں: چینل کو تبدیل کردیں، اگر مواد پسند نہیں آ رہا ہے، گلوکار فرحان سعید
انہوں نے کہا کہ مشہور ہونے کی قیمت چکانی پڑتی ہے، مشہور افراد کا یہ عمل غلط ہے کہ اچھی چیزوں پر خوش ہوتے ہیں اور بری چیزوں پر کہتے ہیں کہ انہیں وہ نہیں چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معروف شخصیات کو جہاں تنقید ملے گی، وہیں ان کی تعریف بھی کی جائے گی، اس لیے ایسی شخصیات کو تمام چیزیں احترام کے ساتھ برداشت کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید کی شادی کی تقریبات کا خوب چرچا رہا تھا اور ان کے نکاح کی تقریب لاہور کی بادشاہی مسجد میں ہوئی تھی جس میں شوبز کی مشہور شخصیات سمیت دونوں کے اہل خانہ و عزیزو اقارب نے شرکت کی تھی۔شادی سے قبل دونوں نجی چینلز ہم ٹی وی کے ڈرامے ‘اڈاری’ اور اے آر وائے کے ڈرامے ‘میرے اجنبی’ میں ساتھ دکھائی دئیے تھے اور ان کی جوڑی کافی پسند کی گئی تھی۔
0 Comments