
ایک اور دن ظلم و بربریت کا ایک اور ہولناک واقعہ، بیدیاں روڈ پر رکشے میں سوار خاتون کو 3 درندہ صفت افراد نے اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بیدیاں میں جنسی زیادتی کا ایک خوفناک واقعہ رپورٹ ہوا، جس میں رکشے میں سفر کرتی خاتون کو 3 ملزمان کی جانب سے راستے سے اغوا کیا گیا اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد متاثرہ خاتون کو سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔

پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ رکشے میں سفر کر رہی تھیں کہ رکشہ خراب ہو گیا، چنانچہ خاتون رکشے سے اتر کر سڑک کے کنارے کھڑی ہوگئیں، اتنے میں ایک کار پر سوار 3 ملزمان نے اکیلی خاتون دیکھ کر انہیں اغوا کر لیا، جس کے بعد گاڑی میں موجود تینوں افراد نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
بعدازاں متاثرہ خاتون نے پولیس کو واقعے کی اطلاع فراہم کی، جس پر تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ ہیر میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے سامنے لایا جائے گا۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے بیدیاں روڈ پر خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے، اور ڈی آئی جی آپریشنز کو متاثرہ خاتون سے فوری رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی شناخت کے لیے فوری ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ملزمان کو ٹریس کرکے جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا، اور سخت ترین سزا دلوائی جائے گی۔
واضح رہے اس ہی طرز کا ایک واقعہ گزشتہ برس لاہور کے علاقے ایل ڈی اے ایوینیو سے رپورٹ ہوا تھا، جہاں رکشے میں سوار 35 سالہ خاتون اور اس کی 15 سالہ بیٹی کو رکشہ ڈرائیور نے ساتھی سمیت اسلحہ کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ اس دوران ملزمان متاثرین کا موبائل فون اور 5 ہزار نقد بھی لے گئے تھے۔ بعدازاں پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی 9 ستمبر کو لاہور کے علاقہ گجر پورہ میں موٹر وے پر ایک خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئے اور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔
0 Comments