
پتنگ بازی ایک ایسا مشغلہ ہے جو دنیا کے تمام ممالک میں پایا جاتا ہے، اور مختلف ملکوں میں اس کے انداز بھی مختلف ہیں۔لیکن ملک خواہ کوئی بھی ہو مرد اور ہر عمر کے لڑکے پتنگ بازی سے کافی لطف اندوز ہوتے ہیں۔کہا جاتا ہے کہ پتنگ اڑانے کا کھیل چین سے شروع ہوا اور دنیا بھر کے لوگوں میں بہت مقبول ہوا ہے جاپان میں بھی یہ کھیل بہت مشہور ہوا مشرقی ممالک میں بھی یہ کھیل بہت پسند کیا گیا خاص طور پر برصغیر پاک و ہندمیں۔مگر کبھی کبھی یہ تفریح جان لیوا بھی ثابت ہوجاتی ہے جیسکہ پتنگ کی تیز دھار ڈور گلے پر لگنے سے اسے زخمی کردیتی ہے تو کبھی پتنگ کو اونچی اُڑان دینے کیلئے لوگ خود اونچائی سے نیچے گر پڑتے اور جان سے چلے جاتے ہیں۔
مگر کیا کبھی آپ نے ایسا سُنا یا دیکھا ہے کہ پتنگ کسی کو اپنے ساتھ فضا میں لے اُڑی ہو؟ یا کوئی شخص پتنگ کے سہارے ہوا میں معلق رہا ہو ؟نہیں ناں ۔۔۔ تو آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ ایسا واقعی میں ہوا ہے۔

حال ہی میں سری لنکا میں پتنگ بازی کا شوقین شخص جان سے جاتے جاتے بچ گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے ، یہ واقعہ سری لنکا کے شہرجافنا میں سالانہ پتنگ بازی فیسٹول میں شریک ایک شخص کے پیش آیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اپنے دوستوں کے ساتھ ایک بہت بڑی پتنگ اڑانے کی کوشش میں پتنگ سے بندھی رسی سے لٹک گیا اور فوری طورپر زمین سے 30 فٹ بلندی پرجاپہنچا۔ رسی سے لٹکے شخص کے دوستوں نے شورمچا کراسے پتنگ کے مزید بلند ہونے سے پہلے رسی چھوڑنے پرمجبورکیا۔

ایک منٹ تک 30 فٹ بلندی پرلٹکنے کے بعد پتنگ بازنے رسی چھوڑ دی ،خوش قسمتی سے زمین پرگرنے کے باوجود متاثرہ شخص کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔
اس ویڈیو کو دیکھ کر اب پتنگ بازی کے شوقین حضرات یقیناً محتاط ہوکر پتنگ اُڑائیں گے کیونکہ اس ویڈیو سے انہیں یہ بات اچھی طرح سمجھ آگئی ہوگی کہ پتنگ بازی کے شوق میں اس شخص کی طرح ان کو بھی لینے کے دینے پڑسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسی طرح کا انوکھا واقعہ پڑوسی ملک میں پیش آیا تھا، جس میں ایک یوٹیوبر نے محض لائکس کی خاطر اپنے پالتو کتے کو غباروں سے باندھ کر فضا میں چھوڑا اور ویڈیو شوٹ کی جس میں کتے کو فضا میں اُڑتا ہوا دکھایا گیا۔ مگر یہ حرکت ہندوستانی یوٹیوبر کو بھاری پڑگئی اور اسے بے زبان جانور کے ساتھ اس سلوک پر لوگوں سے داد ملنے کے بجائے تنقید کا سامنا کرنا پڑا بلکہ جانوروں کی فلاحی تنظیم کی شکایت پر اس یوٹیوبر کو اپنے پالتو کتے کے ساتھ اس ناروا سلوک کے الزام میں پولیس نےگرفتار بھی کرلیا تھا۔
0 Comments