
سال 2021 اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، اس سال کئی نامور اور معتبر شوبز شخصیات ہم سے جدا ہوگئیں۔ یہ وہ شوبز شخصیات تھیں جنہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں سے کئی دہائیوں تک مداحوں کے دلوں پر راج کیا اور آج دنیا سے چلے جانے کے باوجود بھی وہ لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان نامور ستاروں میں سرفہرست کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف ، ڈرامہ ساز حسینہ معین، فاروق قیصر ہیں۔ ان کے علاوہ اور کون کون سی شوبز شخصیات ہیں جو رواں برس ہم سے بچھڑ گئیں، آئیے جانتے ہیں۔
حسینہ معین

معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین 26 مارچ کو حرکت قلب بند سے 27 مارچ کو 79 برس کی عمر میں اپنے مداحوں کو اداس چھوڑ دنیا سے چلی گئیں۔
سُنبل شاہد

پاکستان کی سینئر اداکاراؤں بشریٰ انصاری اور اسماء عباس کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں۔ سنبل شاہد تقریباً ایک ماہ تک سی ایم ایچ لاہور میں کورونا وائرس کے باعث زیر علاج رہیں انہیں 22 اپریل کو طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا اور 6 مئی کو ان کا انتقال ہوا۔
‘انکل سرگم’ فاروق قیصر

معروف مزاح نگار ، انکل سرگم اور پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر 15 مئی کو دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوئے۔
اداکارہ سلطانہ ظفر اور دردانہ بٹ

پاکستان کے کئی مقبول ترین ڈراموں میں اداکاری کرنے والی لیجنڈری اداکارہ سلطانہ ظفر جولائی جب کہ ہنس مکھ سینئر اداکارہ دردانہ بٹ اگست میں جہان فانی سے کوچ کرگئی، انتقال کے وقت دردانہ بٹ کی عمر 83 برس تھی اور وہ کورونا کے باعث چل بسیں۔
کامیڈی کنگ عمر شریف

طویل عرصے سے موذی مرض میں مبتلا لیجنڈری کامیڈین، اداکار و میزبان عمر شریف 2 اکتوبر کو 66 سال کی عمر میں جرمنی میں انتقال کر گئے تھے، انہیں علاج کی غرض سے امریکا لے جایا جا رہا تھا لیکن طبعیت خرابی کی وجہ سے ایئر ایمبولینس کو جرمنی میں لینڈ کرنا پڑا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی اچانک موت نے مداحوں کو سب سے زیادہ غمزدہ کیا۔
موسیقار فرہاد ہمایوں

پاکستانی گلوکار و موسیقار اور معروف آئیکونک برانڈ اوورلوڈ کے بانی فرہاد ہمایوں برین ٹیومر کے باعث 8 جون کو انتقال کرگئے۔ نوجوان موسیقار فرہاد ہمایوں کے انتقال کی افسوسناک خبر گلوکار کے آفیشل فیس بک پیج کے ذریعے دی گئی۔
لیجنڈری اداکار انور اقبال

سینئر اداکار انور اقبال بلوچ نے اردو اور سندھی زبان میں بننے والے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، لیکن مستقل عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد آپ بھی جولائی میں مداحوں سے بچھڑ گئے۔
سہیل اصغر

تھیٹر اور ٹی وی کے سینئر اداکار و صداکار سہیل اصغر 14 نومبر کو 65 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد دنیا سے کوچ کرگئے۔ سہیل اصغر کے مشہور ڈراموں میں ’لاگ‘، ’پیاس‘، ’چاند گرہن‘ اور ’کاجل گھر‘ شامل ہیں۔
ان شخصیات کے علاوہ شان شاہد کی والدہ نیلو بیگم، لولی ووڈ اداکار اعجاز درانی، معروف لوک گلوکار شوکت علی، اداکارہ طلعت صدیقی، معروف گلوکار سنی بینجمن جان المعروف ایس بی جان، گلوکار و موسیقار فرہاد ہمایوں، سرائیکی و پنجابی فوک گلوکار اللہ دتہ، سینئر ٹی وی اداکارہ خورشید شاہد، ماڈل نایاب ندیم، سینئر اداکار طلعت اقبال، ایوارڈ یافتہ ڈھول استاد پپو سائیں بھی رواں برس انتقال کرگئے۔
0 Comments