انکل سرگم کا جانا عمران خان کو بھی افسردہ کر گیا


0

پی ٹی وی کے مشہور پروگرام “کلیاں” کے کردار انکل سرگم کے خالق اور ہر دلعزیز فاروق قیصر جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ فاروق قیصر نے انکل سرگم کے کردار کے ذریعے مزاح نگاری کو ایسا انوکھا انداز بخشا کہ آج بھی انکل سرگم کی باتیں لوگوں کو محضوض کردیتی ہیں۔ فاروق قیصر کا اس دنیا سے چلے جانا جہاں کئی دلوں کو سوگوار کرگیا وہیں وزیراعظم عمران خان بھی ان کے انتقال پر رنجیدہ ہیں اور انہوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

Image Source: Twitter

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی اور کہا کہ فاروق قیصر صرف ایک اداکار نہیں تھے بلکہ اُنہوں نے اپنے فن کے ذریعے معاشرتی مسائل کے بارے میں بھی آگاہی جاری رکھی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میں فاروق قیصر کے انتقال پر اُن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دُعاگو ہوں۔

عمران خان کے علاوہ سوشل میڈیا پر کئی سماجی وسیاسی شخصیات کے علاوہ فنکاروں نے بھی فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

بچوں اور بڑوں کے پسندیدہ انکل سرگم 80 اور 90 کی دہائی کا جانا پہچانانام تھے۔انکل سرگم کے خالق فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور نیشنل کالج آف آرٹس سے تعلیم حاصل کی اور ایک فنکار کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ پھر انہوں نے 1976 میں رومانیہ سے گرافک آرٹس میں ماسٹر کیا اور 1999 میں امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ایک اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری لی۔

وہ مشہور کالم نگار ، ہدایتکار ، کٹھ پتلی ، اسکرپٹ رائٹر ، اور وائس اوور آرٹسٹ تھے۔ پی ٹی وی پر بچوں کے شو کلیاں ، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم ان کے مشہور ٹی وی شوز میں شامل ہیں جب کہ چچا سرگم اور ماسی مسیبتے کی جوڑی پاکستان کی مشہور کٹھ پتلی جوڑی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ جب کہ انہوں نے کئی مزاحیہ کتابیں بھی لکھیں۔

علاوہ ازیں ، فاروق قیصر نے یونیسکو کے تحت دو سال ہندوستان میں تعلیمی خدمات بھی انجام دیں۔ حکومت پاکستان نے 1993 میں ان کی فنی خدمات کو سراہتے ہوئےانہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا۔

معروف مزاح نگار عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑے ہیں۔فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر کا کہنا ہے کہ نانا کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جانے کیلئے ایمبولینس بلائی مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور عید الفطر کے دوسرے دن 75 سال کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *