
یہ سال کئی یادگار واقعات کے ساتھ اپنے اختتامی مراحل میں ہے۔ اس سال میں بہت سی مشہور شخصیات نے اپنے کیرئیر میں کامیابیاں حاصل کیں جبکہ بعض نے اپنی نجی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز کیا اور شادی کرکے اپنے لئے ہم ہمسفر چُن لیا۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس سال کونسی سیاسی ، سماجی اور شوبز شخصیات رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
جنید صفدر اور عائشہ سیف

رواں برس ایک اور شادی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی وہ تھی سیاستدان مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی۔اگرچہ جنید صفدر کا نکاح بیرون ملک ہوا تھا، لیکن حال ہی میں لاہور میں اس جوڑے کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں جن کی ویڈیوز اور تصویروں کے ہر طرف خوب چرچے ہوئے۔
ملالہ یوسفزئی اور عصر ملک

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں برمنگھم میں ایک پروقار تقریب میں عصر ملک کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ نکاح کی تقریب ان کے گھر میں ہوئی جس میں دونوں کے اہل خانہ شریک ہوئے۔ملالہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنی شادی کا اعلان کیا جس کے بعد اس جوڑے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
منال خان اور احسن محسن اکرام

اس برس اداکارہ منال خان اپنے منگیتر محسن اکرام کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ دونوں نے اپنی شادی کی خوشیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں اور اپنی شادی کی تصویروں پر خوب تعریفیں سمیٹیں۔ ان کی شادی میں صبور علی، آمنہ الیاس، علی انصاری، اور کنزہ ہاشمی سمیت شوبز کی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔
نادیہ خان اور فیصل ممتاز

مارننگ شو کی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے بھی رواں برس دوبارہ شادی کرلی۔ اداکارہ نے بعد میں اس خبر کا اعلان اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پر کیا۔ ان کے شوہر پاک فضائیہ میں 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں ونگ کمانڈر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ نادیہ خان اس سے قبل بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور اُن کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑ ی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔
زارا ترین اور فاران طاہر

’آئرن مین‘ سے شہرت پانے والے فاران طاہر اور ’مشک‘ سے شہرت پانے والی زارا ترین نے بھی شادی کرلی۔ اس جوڑے کی شادی کی تصویریں دلہن کی بہن حرا ترین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
سوہائے علی ابرو اور شہزر محمد

‘موٹر سائیکل گرل‘ اداکارہ سوہائے علی ابرو نے شہزر محمد سے اچانک اپنی شادی کی تصویریں شیئر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ ان کی شادی کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی، تقریب میں پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید سمیت شوبز اور کھیلوں کی دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔شہزر محمد پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب محمد کے بیٹے اور سابق مرحوم کپتان حنیف محمد کے پوتے ہیں۔ شہزر محمد نے اپنے والد اور دادا کی طرح پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈبل سنچری بنا رکھی ہے۔
ماڈل رحمت اجمل اور طیب سلیم
پاکستان کی خوبرو ماڈل و اداکارہ رحمت اجمل، طیب سلیم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ اداکارہ نے گزشتہ برس لاہور میں ایک سادہ سی تقریب میں طیب سلیم سے منگنی کی تھی۔سوشل میڈیا پر ان کی جانب سے نکاح اور شادی کی تصاویر شیئر کی گئیں۔
نیہا راجپوت اور شہباز تاثیر

رواں برس ماڈل نیہا راجپوت نے سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر سے شادی کرلی۔شادی کی تصویریں جب منظر عام پر آئیں تو اس جوڑے کو شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر

مشہور ٹک ٹاکر جوڑی کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر نے بھی اس سال اپنے نکاح کی تقریب منعقد کی تھی اور شادی کی باقی تقریبات جلد ہی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔نکاح سے قبل ڈھولکی اور مایوں کی کچھ تقریبات ہوئیں۔
0 Comments