
شادی کی دن ہر دُلہن کو اس بات کی فکر لاحق ہوتی ہے کہ اس کا جوڑا، جیولری اور میک اپ بالکل پرفیکٹ لگے اور اسے دیکھ کر ہر کوئی تعریف کرے لیکن کیا آپ نے کبھی کوئی ایسی دلہن دیکھی ہے جو ان فکروں سے آزاد ہو اور اپنی تعلیم حاصل کرنے کی جستجو میں ہال کے بجائے سج سنور کے امتحان دینے امتحانی مرکز پہنچ جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کوٹ سے تعلق رکھنے والی شیوانگی عروسی جوڑے میں بیوٹی پارلر سے تیار ہوکر شادی ہال جانے کی بجائے دولہا اور اپنے گھر والوں کے ہمراہ سیدھا امتحان دینے پہنچی۔

بھارتی ریاست گجرات میں راج کوٹ سے تعلق رکھنے والی شیوانگی نجی جامعہ سے بیچلرز کر رہی ہے اور سوشل ورک کے پانچویں سمسٹر میں زیر تعلیم ہیں۔دلہن کا کہنا تھا کہ ان کے لیے امتحان دینا بہت ضروری تھا جب شادی کی تاریخ رکھی گئی تو امتحانات کا شیڈول نہیں آیا تھا لیکن دیوالی کی چھٹیوں کے بعد پتا چلا کہ ان کا ایک پرچہ شادی کے روز ہے۔

شیوانگی نے بتایا کہ امتحانات کی تاریخ معلوم ہونے کے بعد انہوں نے گھر والوں سے اس بات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ وہ شادی والے دن ہی پرچہ دینا چاہتی ہے جس پر گھر والوں نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا اور پھر امتحان دینے کے بعد ان کی شادی کی تقریب ہوئی۔
مزید پڑھیں: دولہا دولہن کا شادی میں غیر حاضر مہمانوں سے انوکھا انتقام
عروسی جوڑے میں امتحانی پرچہ حل کرنے میں مگن بھارتی دلہن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے جسے ایک ہی دن میں سینکڑوں صارفین نے دیکھا ہے اور اپنے کمنٹس کے ذریعہ شیوانگی کی تعریف کی ہے کہ اس نے شادی سے قبل امتحان میں شرکت کو ترجیح دی ، ساتھ ہی ساتھ شیوانگی کے شوہر کو بھی ان کے اس فیصلے پر ساتھ دینے پر سراہا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر آئے دن شادی بیاہ کے موقع پر دولہا دلہن کی طرح طرح کی ویڈیوز سامنے آ رہی ہوتی ہیں۔ کسی میں دلہن اپنے پسندیدہ گانا نہ چلانے پر ہال میں جانے سے انکار کر دیتی ہے۔ کبھی دلہا دلہن اسٹیج پر پش اپس لگانے کا مقابلہ شروع کر دیتے ہیں۔ شادی کے موقع پر پڑوسی ملک بھارت میں بھی مضحکہ خیز ویڈیو اکثر وائرل ہوتی رہتی ہیں جنہیں دیکھ کر صارفین دنگ رہ جاتے ہیں۔
گزشتہ دنوں جب جنوبی بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑ اتھا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں۔ ایسی ناخوشگوار صورتحال میں ایک نوجوان جوڑا بڑے سے المونیم کے برتن میں بیٹھ کر اپنی شادی کے مقام پر پہنچ گیا، سوشل میڈیا پر دولہا دلہن کے برتن میں بیٹھ کر تقریب تک پہنچانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
Story Courtesy: GEO NEWS
0 Comments