
نخرہ گوری کا،گھر کب آ گے، لوَ میں گم اور سایہ خدائے ذوالجلال میں اپنی ایکٹینگ کے جوہر دیکھانے والی جیا علی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ جیا علی کی شادی پاکستانی بزنس مین اور کرکٹ کوچ عمران ادریس شادی سے لاہور میں سادگی سے انجام پائی۔ نکاح کی یہ سادہ تقریب بادشاہی مسجد میں ہوئی جس میں ان کے نہایت قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نےشرکت کی۔

جیا علی اورعمران ادریس کے درمیان کافی عرصہ سے دوستی تھی عمران ادریس پروفیشنل کرکٹ کوچ ہیں جو ہانگ کانگ کی قومی ٹیم سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کوچنگ کرچکے ہیں، اس کے علاوہ وہ اپنا بزنس بھی کرتے ہیں۔ عمران ادریس کا حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے بھی گہرا تعلق ہے اور انہوں نے ایسٹ ایشیئن پیسیفک ممالک میں پی ٹی آئی کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

زندگی کے اس نئے سفر پر جیا علی کا کہنا ہے کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ مجھے بہت اچھا جیون ساتھی ملا ہے، شادی کی خوشی میں جلد ہی بڑی دعوت کا اہتمام کروں گی جس میں تمام دوستوں کو مدعو کیا جائے گا۔ نکاح کے موقع پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے کچھ عرصے بعد شوبز میں دوبارہ واپسی کریں گی، تاہم فی الحال وہ کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دور رہیں گی۔
خیال کیا جارہا ہے کہ اداکارہ شادی کے بعد شوہر کے ہمراہ ہانگ کانگ منتقل ہوجائیں گی۔ البتہ جیا علی کے اس سادہ سے نکاح کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز سمیت ویب سائٹس نے بھی ان کی شادی کی خبریں شائع کیں۔ اداکارہ کی شادی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد دی۔
خیال رہے کہ جیا علی نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈل کی حیثیت سے کیا تھا لیکن انہیں شہرت اپنی پہلی فلم “دیوانے تیرے پیار کے” سے ملی جس کے ڈائریکٹر سید نور تھے اور یہ فلم 1997 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلموں کے علاوہ جیا علی نے بے شمار ڈراموں میں بھی کام کیا جن میں کبھی کبھی پیار میں، کاغذ کے پھول، منزلیں،بند کھڑکیوں کے پیچھے، میرا من رکھنا شامل ہیں۔



آج کل شوبز اداکاروں میں خاموشی سے شادی کرنے اور بات پکی کا رجحان بڑھتاجارہا ہے۔ کچھ دنوں قبل ڈراموں کی نامور اداکارہ منال خان نے اداکار احسن محسن اکرام کے ساتھ فوٹواور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر اپنی” بات پکی “ کی تصویر شیئر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
علاوہ ازیں ، پاکستانی ڈراموں کی نئی اور اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ مریم نفیس نے لاک ڈاؤن کے دوران خاموشی سے اپنا ہم سفر منتخب کرلیا۔ دیار دل ، یقین کا سفر ،عشق بے نام، حیا کے دامن میں،کبھی بینڈ،کبھی باجا، یاریاں ،محبت نہ کریو، جھوٹی اور کچھ نہ کہو جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ مریم نفیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فلم ساز اور فوٹوگرافر امان احمد کے ساتھ دعائے خیر (بات پکی) کی تصاویر پوسٹ کیں جسے مداحوں نے کافی سراہا۔
0 Comments