
حکومت نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرادیا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے اضافہ کے بعد نئی قیمت 209.30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ جہاں پاکستانی عوام کے لئے سستا پیٹرول خریدنا ایک خواب سا بن گیا ہے وہیں دنیا میں اور بھی ایسے ممالک ہیں جن میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یعنی کہ دنیا کے تمام ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں میں کافی فرق ہے۔ جس کا ایک سادہ اصول یہ ہے کہ امیر ممالک میں قیمتیں زیادہ (امریکا کےسوا) ہوتی ہیں جبکہ غریب ممالک اور تیل پیدا کرنے و برآمد کرنے والے ممالک کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہوتی ہیں۔
مختلف ممالک میں قیمتوں میں فرق کی وجہ پیٹرول پر عائد مختلف مقامی ٹیکسز اور سبسڈیز ہیں۔ تمام ممالک کو بین الاقوامی منڈیوں سے خام تیل تقریباً یکساں قیمتوں میں ہی دستیاب ہوتا ہے لیکن پھر یہ حکومتیں مختلف مقامی ٹیکس لگاتی ہیں جن کے نتیجے میں ، وہاں پیٹرول کی قیمتیں مختلف ہوتی ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ دنیا کے کن ممالک میں پیٹرول کی قیمت سب سے کم اور کہاں سب سے زیادہ ہے۔

پیٹرول کہاں سب سے مہنگا ہے؟

دنیا میں سب سے مہنگا پیٹرول اس وقت ہانگ کانگ میں دستیاب ہے جہاں پیٹرول 588 روپے 71 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔ نیوزی لینڈ میں پیٹرول 401 روپے فی لیٹر خریدا جارہا ہے۔ برطانیہ میں پیٹرول کی قیمت 424 روپے ہوچکی ہے، ورلڈ سپر پاور امریکا میں یہ قیمت 252 روپے فی لیٹر سے اوپر جاچکی ہے، بنگلا دیش میں 202 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت ہوتا ہے، چین میں پیٹرول کی قیمت 281 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ بھارت میں ایک لیٹر پیٹرول 270 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
پیٹرول کہاں سب سے سستا ہے؟

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ دنیا میں سب سے سستا پیٹرول کسی خلیجی ریاست میں نہیں بلکہ براعظم جنوبی امریکا کے ملک وینز ویلا میں دستیاب ہے۔ جہاں اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت پاکستانی روپوں میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر ہے، دراصل وینزویلا تیل و گیس کی دولت سے مالا مال ہے اس لیے وہاں پیٹرول اس قدر سستا ہے۔ پڑوسی ملک ایران میں ایک لیٹر پیٹرول 10 روپے 74 پیسے میں مل رہا ہے، شام میں پیٹرول فی لیٹر57 روپے میں دستیاب ہے۔ ملائیشیا میں فی لیٹر پیٹرول 94روپے میں فروخت ہورہا ہے۔جبکہ قطر میں بھی یہ قیمت 116 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے، سعودی عرب میں ایک لیٹر پیٹرول 125 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، دبئی سمیت عرب امارات میں یہ قیمت 194 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ افغانستان میں پیٹرول کی قیمت 173روپے سے زائد ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ بالا اعداد و شمار ورلڈ بینک سمیت مختلف ویب سائٹ سے لئے گئے ہیں جن کو شمار کرنے کے دوران ڈیٹا میں غلطی کا امکان موجود ہوتا ہے، روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر کی وجہ سے بھی یہ اعداد و شمار کچھ آگے پیچھے ہوسکتے ہیں۔
0 Comments