وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ، سید مصطفیٰ کمال نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان کی ویسٹ واٹر ماحولیاتی نگرانی (Wastewater Environmental Surveillance – WES) حکمتِ عملی اور قومی ڈبلیو ای ایس جینومکس ڈیش بورڈ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ اقدام پاکستان کے عوامی صحت کے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں وزارتِ قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)، صوبائی محکمہ جاتِ صحت، واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیوں، بلدیاتی اداروں، جامعات، ترقیاتی شراکت داروں، آغا خان یونیورسٹی (AKU) اور ڈیوک-این یو ایس سینٹر فار آؤٹ بریک پریپیئرڈنیس، سنگاپور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے عوامی صحت کے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ویسٹ واٹر ماحولیاتی نگرانی کو ابتدائی انتباہ، بیماریوں کے پھیلاؤ کی بروقت نشاندہی، اور شواہد پر مبنی عوامی صحت کے فیصلوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری قرار دیا۔ انہوں نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور قومی ڈبلیو ای ایس پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور اس کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت، جامعات اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
این آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ پاکستان کے ویسٹ واٹر ماحولیاتی نگرانی (WES) نظام کا آغاز “ملک کے عوامی صحت کے نگرانی کے نظام اور وباؤں سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ای ایس پلیٹ فارم ترجیحی پیتھوجنز (جراثیم یا بیماری پیدا کرنے والے عوامل) کی بروقت نشاندہی، شواہد پر مبنی فیصلہ سازی میں معاونت، اور مربوط ‘ون ہیلتھ’ (One Health) حکمتِ عملی کے ذریعے ابھرتے ہوئے عوامی صحت کے خطرات کی روک تھام اور ان سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پاکستان کی استعداد کار میں اضافہ کرے گا۔”
ویسٹ واٹر نگرانی کے ذریعے عوامی صحت کے ادارے ان جراثیم یا بیماری پیدا کرنے والے عوامل کی نشاندہی کر سکتے ہیں جو کمیونٹیز میں گردش کر رہے ہوتے ہیں، اس سے قبل کہ متاثرہ افراد میں علامات ظاہر ہوں یا وہ علاج کے لیے صحت کی سہولیات سے رجوع کریں۔ پولیو وائرس کے لیے پاکستان کے کامیاب ماحولیاتی نگرانی پروگرام کی بنیاد پر، قومی ڈبلیو ای ایس حکمتِ عملی اس نظام کو وسعت دیتے ہوئے عوامی صحت کے لیے اہم متعدد متعدی بیماریوں کی نگرانی میں معاونت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر قومی ڈبلیو ای ایس ڈیش بورڈ کا بھی افتتاح کیا گیا، جس کی میزبانی این آئی ایچ کرے گا۔ یہ ڈیش بورڈ نگرانی اور لیبارٹری ڈیٹا کو یکجا کرتے ہوئے حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں نگرانی، جغرافیائی نقشہ سازی، رجحانات کے تجزیے اور وباؤں سے نمٹنے کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان کی ڈبلیو ای ایس حکمتِ عملی این آئی ایچ کی قیادت میں آغا خان یونیورسٹی (AKU) اور ڈیوک-این یو ایس سینٹر فار آؤٹ بریک پریپیئرڈنیس، سنگاپور کے اشتراک سے ایک مشاورتی عمل کے ذریعے تیار کی گئی ہے، جس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں، تکنیکی ماہرین اور عوامی صحت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ یہ حکمتِ عملی ویسٹ واٹر ماحولیاتی نگرانی کے لیے ایک مربوط قومی فریم ورک فراہم کرتی ہے، جس کے تحت لیبارٹری اور جینومک نگرانی کو مضبوط بنانا، معیاری پروٹوکولز متعارف کرانا، اور قومی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈیوک-این یو ایس سینٹر فار آؤٹ بریک پریپیئرڈنیس کے ڈاکٹر ونسنٹ پینگ نے کہا “ویسٹ واٹر اور ماحولیاتی نگرانی اس وقت سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے جب یہ سائنسی تحقیق کو عوامی صحت سے متعلق عملی اقدامات سے جوڑتی ہے۔ ایک پائیدار قومی ویسٹ واٹر ماحولیاتی نگرانی (WES) پروگرام کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت داری ناگزیر ہے، جس میں حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق ادارے بھی شامل ہیں، تاکہ نگرانی سے حاصل ہونے والا ڈیٹا ویکسین کے ذریعے قابلِ روک تھام بیماریوں کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد دے سکے۔ سنگاپور کی ڈیوک-این یو ایس میڈیکل اسکول میں ہمارا سینٹر فار آؤٹ بریک پریپیئرڈنیس پاکستان کی قومی ڈبلیو ای ایس حکمتِ عملی کی تیاری میں معاونت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے، تاکہ شواہد پر مبنی اور بروقت عوامی صحت کے فیصلوں کی رہنمائی ممکن ہو سکے۔”
این آئی ایچ کی ڈاکٹر عفرینش امیر نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کے 14 مقامات پر پائلٹ منصوبے کے نفاذ نے ویسٹ واٹر نگرانی کو ابتدائی انتباہی نظام کے طور پر انتہائی مؤثر ثابت کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل تعاون اور معاونت کے ذریعے اس نظام کو پورے ملک تک توسیع دی جا سکتی ہے تاکہ وباؤں کی بروقت نشاندہی، ابھرتے ہوئے بیماری پیدا کرنے والے عوامل کی نگرانی، اور بروقت عوامی صحت کے اقدامات، جن میں ہدفی ویکسینیشن حکمتِ عملیاں اور دیگر احتیاطی مداخلتیں شامل ہیں، کو مؤثر بنایا جا سکے۔”

0 Comments