طلاق کے بعد میں اور بیٹا مشکل وقت سے گزر رہے ہیں مداح دعا کریں، عمران اشرف


-1

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے منجھے ہوئے اداکار عمران اشرف نے جولائی 2018 میں ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق حسین ڈار سے شادی کی تھی۔تاہم پچھلے سال اگست میں ان دونوں کی علیحدگی کے بارے میں چہ میگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں جب ان کی سابقہ اہلیہ کرن نے انسٹاگرام سے عمران اشرف کی تصاویر ڈیلیٹ کرکے اپنا نام تبدیل کرلیا اور ایک اسٹوری بھی شیئر کی تھی، جس میں لکھا گیا کہ ایک عورت کو اپنے ساتھی سے صرف وفاداری چاہیے ہوتی ہے۔ مذکورہ پوسٹ کے بعد سال 2022 کے آخر میں اس جوڑی نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔

اب حال ہی میں عمران اشرف نے نجی پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کرن اشفاق سے طلاق کے بعد اپنی اور بیٹے کی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

اداکار عمران اشرف کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد وہ اور ان کا بیٹا مشکل وقت سے گزر رہے ہیں مداح ان کے لئے دعا کریں، میں نہیں چاہتا کہ کل کو میرا بیٹا بڑے ہوکر میرے بارے میں یہ سوچے کہ میرا باپ ایسا تھا۔

اس کے بعد ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے ضرور گزر رہے ہیں، لیکن طلاق کے بعد ہماری زندگی میں کوئی منفی بات نہیں ہے، میں اور کرن مل کر ہمارے بیٹے روحام کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔انہوں نے روحام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد میرے بیٹے کی زندگی ہے، اس لئے میں کبھی کوئی ایسا کام یا کوئی ایسی بات نہیں کرسکتا جس سے میرے بیٹے کو نقصان ہو یا جو میری اخلاقیات کے خلاف ہو۔

واضح رہے کہ عمران اشرف کو ‘اداکاروں کا اداکار’ بھی کہا جاتا ہے اور ان کا شمار پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے سب سے مقبول ترین نوجوان فنکاروں میں کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں پیدا ہونے والے عمران اشرف نے یہ مقام کئی سال کی محنت کے بعد حاصل کیا ہے۔ انہوں نے پہلی بار سال 2011 میں ہم ٹی وی کے ڈرامہ “وفا کیسی کہاں کا عشق “ میں جلوہ افروز ہوئے اور اپنی جاندار اداکاری کے بدولت بہت کم وقت شہرت کی بلندیوں پر جاپہنچے-

عمران اشرف متعدد ڈراموں میں اپنے فنکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور ان ڈراموں کی ایک لمبی فہرست ہے جس میں وفا کیسی کہاں کا عشق٬ باندی٬ میرے مہرباں٬ شہرِ اجنبی٬ محبت آگ سی٬ گلِ رعنا٬ آبرو٬ دولہا مل گیا٬ عشق نچایا٬ فالتو لڑکی٬ جھوٹ٬ دل لگی٬ بدگمان٬ شہرناز٬ خدا میرا بھی ہے٬ دلِ جانم٬ الف ﷲ اور انسان٬ تو دل کا کیا ہوا٬ میں ماں نہیں بننا چاہتی٬ تعبیر٬ لشکارا٬ دل موم کا دیا٬ رانجھا رانجھا کردی٬ انکار٬ جال اور سسکیاں شامل ہیں-

مزید پڑھیں: نکاح میں بڑی برکت ہے، نکاح کے بعد مجھے بہت سی کامیابیاں ملیں، عمران اشرف

اپنے ہر ڈرامہ میں عمران اشرف نے ایک منفرد کردار ادا کیا اور ان کا کیریئر بھی ان کرداروں سے بنا، چاہے وہ ’الف، اللہ اور انسان‘ میں ایک خواجہ سرا کا رول ہو یا اب ’رانجھا رانجھا کر دی‘ میں بھولے کا انوکھا کردار جس نے ناظرین کا دل جیت لیا ہے۔ان کامیابیوں کے باوجود ان کی شخصیت میں کوئی تکبر نہیں آیا اور جو عاجزی و انکساری ان میں کیرئیر کی شروعات میں تھی وہ آج بھی قائم ہے بلکہ ان کی یہی خصوصیت انہیں دوسرے سے مختلف بناتی ہے۔ یاد رہے کہ ماضی میں وہ اپنی کامیابیوں کا تمام تر کریڈٹ والدہ اور اہلیہ کو دیتے رہے ہیں۔


Like it? Share with your friends!

-1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *