
شادی کے بندھن میں بندھنے والا ہر جوڑا اپنی شادی کے دن کو یادگار بنانا چاہتا ہے اور اس کے لیے طرح طرح کے جتن بھی کرتا ہے جبکہ کچھ سر پھرے تو ایسے بھی ہیں جو اس دن کو منفرد بنانے کے چکر میں انوکھے انداز اپناتے ہیں۔جبھی آج کل سوشل میڈیا پر دولہا دلہن کی جانب سے شادی بیاہ میں نت نئے انداز دیکھنے میں آرہے ہیں جس کے باعث کئی شادیوں کی ویڈیوز وائرل بھی ہو رہی ہیں۔
اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے شیئر ہو رہی ہے جو کہ نئے نویلے شادی شدہ جوڑے کے ویڈنگ فوٹو شوٹ کی ہے جس میں سیاہ تھری پیس سوٹ میں ملبوس دولہا اپنے ہاتھوں سے عروسی جوڑا زیب تن کیے دلہن کو سگریٹ پلا رہا ہے۔ چند سیکنڈ کی اس ویڈیو میں دولہا دلہن کوسگریٹ پلاتا ہے اور پھر دلہن کو دھواں اڑاتا دیکھ مسکرا کر وہی سگریٹ خود پینا شروع کردیتا ہے۔

اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے اور صارفین کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کے ذریعے آپ لوگوں کو کیا پیغام دینا چاہ رہے ہیں؟ کیا آپ یہ بتانا چاہ رہیں کہ سگریٹ نوشی کوئی بری عادت نہیں اور اس کو کوئی برائی نہیں سمجھنا چاہئے۔
سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ اداکارو کامیڈین آدی عدیل امجد نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں ویڈیو شیئر کی ہے اور دولہا دلہن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

آج کل شادی جیسے اہم دن کی مختلف خوبصورت ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ایک ٹرینڈ بن گیا ہے بلکہ اس دن کو یادگار بنانے کے لیے کئی جتن کیے جاتے ہیں کہ کون اس دن کو زیادہ انوکھا بنائےگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی جس میں دلہن نے ہاتھوں میں گجرے پہننے کے بجائے کلاشنکوف اٹھا رکھی تھی۔ اس ویڈیو کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں دلہن نے انٹری کا ایسا انداز اپنایا جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، چونکہ یہ دلہن نہ تو ڈولی میں بیٹھ کر آئی ، نابائیک پر اور نا ہی کسی گھوڑے پر۔۔۔بلکہ اس نے بڑے دبنگ انداز میں کلاشنکوف ہاتھوں میں لئے تقریب میں انٹری دی تھی۔ یہی نہیں ویڈیو میں دلہن کے ہمراہ ان کے کزنز اور قریبی دوست بھی جدید ہتھیاروں سے لیس ہوکر ڈانس کرتے ہوئے اسٹیج پر آئے تھے۔
علاوہ ازیں، حالیہ دنوں میں پڑوسی ملک بھارت کی ایک دلہن کا ‘میڑکس اسٹائل’ انداز سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا۔ مذکورہ ویڈیو میں دولہا دلہن اپنی شادی کے موقع پر ایک دوسرے کو اسٹیج پر ’ورمالا‘ یعنی پھولوں کا ہار پہنانے کے لئے کھڑے ہیں لیکن جوں ہی دولہا اپنی دلہن کو ورمالا پہنانے کے لئے ہاتھ آگے بڑھاتا ہے تو دلہن پیچھے کی طرف جھکتی ہے۔دولہا مزید آگے بڑھتا ہے لیکن دلہن پیچھے کی طرف مزید جھک جاتی ہے یہاں تک کہ دلہن حیران کن طور پر تقریباً 90 ڈگری تک جھک جاتی ہے اور دولہا اسے ورمالا نہیں پہنا پاتا۔اسی دوران دولہا دلہن کو اوپراٹھالیتا ہے اور پھر دونوں ہنسنے لگتے ہیں۔
0 Comments