
کورونا وائرس سے متعلق بڑی خبر ، حکومت سندھ نے کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں کل سے 8 اگست تک ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے. تاہم اس بار کچھ نئی پابندیوں کا بھی اطلاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ خصوصاً کراچی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وزیر سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ناصر شا، جام اکرام، مرتضیٰ وہاب اور قاسم سومرو سمیت ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ بھی شریک ہوئے، جبکہ اپوزیشن سے ایم پی اے بلال غفار، حسنین مرزا، عبدالرشید، قاسم فخری نے شرکت کی۔ ساتھ ہی معروف کاروباری شخصیات اور طبی ماہرین بھی اجلاس کا حصہ بنے۔

اس طویل مشاورتی اجلاس میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر نئی پابندیوں کے ساتھ کراچی میں کل سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران صوبے کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو بھی بند رکھا جائے گا جب کہ ایکسپورٹ انڈسٹری بھی بند رہے گی تاہم ایکسپورٹ صنعتوں کو پیداواری عمل جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے اعلان کے مطابق اگلے ہفتے سے تمام سرکاری دفاتر بھی بند کر دیئے جائیں گے، جبکہ 31 اگست تک ویکسین نہ لگانے والے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی جائیں گی۔ علاوہ ازیں نجی دفاتر کو بند رکھا جائے گا، جبکہ بغير کسی وجہ کے لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔ ساتھ ہی سڑک پر آنے والے افراد کا ویکسینیشن کارڈ چیک کیا جائے گا۔

اس موقع پر میڈیکل اسٹورز، گروسری، پھل، سبزی، بیکریوں اور دودھ کی دوکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی خبر کے مطابق اجلاس کے دوران سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا کی تشخیصی شرح 13.7 فیصد ہوگئی ہے، سندھ بھر میں کورونا سے کل 45 مریض انتقال کر گئے جبکہ 1410 مریض اسپتالوں میں اور 102 وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں۔
مزید پڑھیں: بڑے، بچے، نوجوان کوئی بھی ڈیلٹا ویرئینٹ سے متاثر ہوسکتا ہے، ڈاکٹر صدف
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1192مریض کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، کراچی میں کورونا کی تشخیصی شرح 23 فیصد، حیدرآباد میں شرح 14.52 فیصد، سکھر میں 2.9 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا نے ملک بھر میں86 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ ڈاکٹروں کی جانب سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی تلقین جا رہی ہے۔
0 Comments