پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر اور بلوچ گلوکارہ ایوا بی کی تصویر ‘ٹائمز اسکوائر’ پر آویزاں


0

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں بلوچی زبان کے گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی باحجاب گلوکارہ ایوا بی اسپاٹی فائے کے ایکول پاکستان کی اکتوبر کی سفیر کے طور پر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر جلوہ گر ہوئی ہیں۔

آڈیو اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر ایوا بی کی نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر تصویر آویزاں کی جانے کی خوشخبری سنائی۔ واضح رہے کہ اسپاٹی فائے پاکستانی خواتین تخلیق کاروں کو اپنا تیار کردہ مواد ایک پلیٹ فارم کے لئے دنیا بھر تک پہنچانے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔

Image Source: Instagram

اس سلسلے میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اسپاٹی فائی نے مارچ میں ائکول پاکستان مہم لانچ کی تھی۔ ائکول پاکستان کے ذریعے اسپاٹی فائے کے گلوبل میوزک پروگرام کا مقصد اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے خواتین تخلیق کاروں کے کام توسیع دینا اور عالمی سطح پر ان تخلیق کاروں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ گلوکارہ ایوا بی اس خبر سے بہت خوش ہیں اور وہ سمجھتی ہیں کہ ٹائمز اسکوائر پر ان کی تصویر کا آویزاں ہونا ایک شاندار کامیابی اور پاکستان کے لیے ایک فخریہ لمحہ ہے۔ یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی کئی مشہور پاکستانی شخصیات نے گلوکارہ کو مبارکباد دی ہے۔

پاکستان کی پہلی باپردہ خاتون گلوکارہ ایوا بی کو بطور آرٹسٹ پردے کو اپنی پہچان بنانے پر فخر ہے۔ وہ دیدہ زیب اور روایتی لباس پہنتی ہیں مگر اس کے ساتھ حجاب کرتی ہیں اور یہی چیز انہیں دوسرے سے مختلف کرتی ہے۔ جب وہ پہلی بار گلوکاری کے لئے کوک اسٹوڈیو میں حجاب کے ساتھ گئیں تو سب دنگ رہ گئے تھے اور اُن سے پوچھا تھا کہ یہ کیا ہے؟ مگر پھر جلد ہی سب نارمل ہوگئے، سب نے انہیں اپنے من پسند انداز اور لباس میں قبول کرلیا ان کا روایتی گھرانے سے تعلق ہے اور وہ کراچی کے علاقے لیاری میں پلی بڑھی ہیں۔

ایوا بی میوزک انڈسٹری میں انہوں نے اپنی آواز سے ہلچل مچائی ہوئی ہے، اسپاٹی فائے پران کے ماہانہ سامعین کی تعداد تقریباً 4 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جبکہ ان کے گیت ‘کنا یاری’ کو اب تک ایک کروڑ سے زائد بار اسٹریم کیا جاچکا ہے۔عالمی سطح پر عظیم گلوکار ایمینیم اور کوئن لطیفہ سے تحریک پاکر ایوا بی نے سال 2014ء میں اپنے میوزک کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے ابتدائی طور پر گیتوں کے بول لکھ کر انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے شروعات کی جہاں انہوں نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی اور ان کے پرستاروں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔انہوں نے بڑے گلوکاروں جیسے علی گل پیر، محمد اور انس بلوچ کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، ان کا گیت’روزی’ مس مارول ٹی وی سیریز کی پہلی قسط کے اختتام کا حصہ بننے کا اعزاز رکھتا ہے۔ان کا گیت مختصر باتیں اسپاٹی فائے پروگرام کا حصہ بنا ہے اور ایکول کی مقامی اور عالمی پلے لسٹس میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ ایوا بی سے قبل اسپاٹی فائے 7 پاکستانی خواتین گلوکاراؤں کی تصاویر بھی ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کر چکی ہے۔ جبکہ رواں برس نازیہ حسن کی برسی کے موقع پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی تصویر بھی ’ٹائمز اسکوائر‘ پر آویزاں کی، جس پر میوزک اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے میوزک ویب سائٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *