
نئے سال کے آغاز میں پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے پاکستان ایئر فورس کے ریٹائرڈ آفیسر اور پائلٹ فیصل ممتاز راﺅ سے دوسری شادی کی جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
اب نادیہ خان نے اپنے مداحوں کے لئے اپنے یوٹیوب چینل “آؤٹ اسٹائل ود نادیہ” پر اپنے شوہر کے ساتھ نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس جوڑے نے اپنی چٹ منگی پٹ بیاہ کے ساتھ ساتھ پہلی نظر کی محبت کی کہانی بھی بیان کردی ہے۔

نادیہ خان نے اپنے شوہر فیصل ممتاز راﺅ کے ساتھ اپنے اس تفصیلی انٹرویو میں بتایا کہ ہماری ملاقات آج سے چار ماہ قبل ہوئی تھی جب کہ فیصل نے بتایا کہ مجھے دوستوں نے ایک بیگ دیا اور کہا کہ آپ یہ بیگ اس پتے پر پہنچانا ہے، میں بیگ لے کر پتے پر پہنچ گیا اور بیٹھ کر اپنے موبائل فون میں مصروف تھا کہ نادیہ نے آ کر سلام کیا، پہلی ملاقات کیلئے نادیہ بھی منتظر تھیں۔
اس پر نادیہ خان نے کہا کہ اس بیگ میں میرا میک اپ تھا میں منتظر کیوں نہ ہوتی ، مجھے میری دوست نے کہا کہ ہمارا یک ہینڈسم دوست آپ کا بیگ لے کر آرہا ہے اور آپ نے بتانا ہے کہ وہ آپ کو کیسے لگے؟ میں نے کہا کہ بھئی میں کیوں بتاﺅں گی ،ملیں گے انہیں چائے پلائیں گے اور بائے بائے کردیں گے۔

فیصل ممتاز راؤنے کہا کہ جب میں ملاقات کیلئے گیا تو میرا ارادہ تھا کہ پانچ سے دس منٹ بیٹھوں گا اور پھر نکل جاﺅں گا لیکن جب نادیہ سے باتیں شروع ہوئیں تو وقت کا اندازہ ہی نہیں ہوا اور ملاقات دو گھنٹے سے بھی طویل ہو گئی ،مجھے نادیہ سے پہلی نظر میں ہی محبت ہوگئی اور ہماری کیمسٹری کافی میچ ہوگئی۔نادیہ خان نے کہا کہ ایئر فورس کا شروع سے ہی میرا کرش ہے تو میں نے ان سے بہت سی کہانیاں سنیں اور باتیں بھی کیں۔
فیصل ممتاز راؤ نے کہا کہ کچھ دن بعد میں نے نادیہ سے ایک بار پھر فون پر رابطہ کیا اور یہی وہ رات تھی جب میں نے اور نادیہ نے ایک دوسرے سے بہت سی باتیں شیئر کیں۔ نادیہ خان نے اس رات میں کی گئی گفتگو سے متعلق بتایا کہ ہم نے اس رات 9 گھنٹے ایک دوسرے سے بات کی۔ پھر اچانک ایک دن فیصل نے فون کیا اور کہا، “نادیہ ، میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔”

اس جوڑے نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی سے پہلے دونوں کو اپنے بچوں اور فیملی کے بزرگوں سے اجازت لینا تھا۔ چنانچہ پہلے دونوں نے بچوں سے بات کی جنہوں نے اپنے والدین کے شادی کے خیال کا خیر مقدم کیا۔ پھر فیصل راؤ نے نادیہ خان کے بچوں سے باضابطہ طور پر پوچھا کہ کیا میں آپ کی ماں سے شادی کرسکتا ہوں جس پر بچوں نے رضامندی دے دی۔
واضح رہے کہ نادیہ خان نے اپنی شادی کے دوران انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے متعلق تفصیلاً سب کو آگاہ کیا اور لکھا تھا کہ میرے شوہر ونگ کمانڈر فیصل ممتاز راؤ پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کے ریٹائرڈ آفیسر اور فائٹر پائلٹ ہیں۔ وہ 1970 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ فیصل نے 1991 میں 90 ویں جی ڈی پی کورس میں بطور کمیشنڈ آفیسر پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ وہ دنیا کی معروف فضائیہ کے ساتھ فلائنگ اینڈ مینجمنٹ کا 30 سالہ تجربہ رکھنے والے ایک انتہائی قابل پائلٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
فیصل ممتاز نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تربیت کے تمام بڑے کورسز میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ وہ 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں ونگ کمانڈر کی حیثیت سے پاک فضائیہ سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر بطور چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ فیصل ممتاز میڈیا کے لیے نئے نہیں ہیں وہ آئی ایس پی آر کے نغمے ’’ہوا کا سپاہی‘‘ میں کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ فیصل چار بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔
0 Comments