موٹروے پولیس نے گلوکار کا چالان کرنے کے بجائے گانا سن کر چھوڑ دیا


0

ٹریفک قوانین کے مطابق موٹروے پر چہل قدمی کرنا، ڈرائیونگ کرتے ہوئے یا گاڑی سے اتر کر ویڈیو بنانا، گانا گانا، سڑک کنارے کھانا پینا سمیت دیگر فطری حاجات پوری کرنا نہ صرف ممنوع ہے بلکہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث مسافروں کا چالان کیا جاتا ہے، کیونکہ ان سرگرمیوں کے لیے موٹروے کے کنارے کئی ریسٹ ایریاز قائم ہیں۔

تاہم، حال ہی میں موٹروے پر بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے اور اوور اسپیڈنگ کرنے پر پولیس نے معروف لوک گلوکار سراج بھٹہ سے گانا سن کر ان کی جان بخشی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے سراج بھٹہ کی گاڑی کو روکا اور ان سے لائسنس مانگا جو مبینہ طور پر ان کے پاس نہیں تھا۔ سراج بھٹہ نے اپنا تعارف کروایا اور اپنا شناختی کارڈ دکھایا۔ انہوں نے موٹروے پولیس کے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ اسلام آباد میں ایک پروگرام میں شرکت کے بعد راجن پور واپس جا رہے ہیں اور لائسنس نہ ہونے پر معذرت بھی کی۔ٹریفک رولز کے مطابق موٹروے پولیس کے اہلکاروں کے پاس سراج بھٹہ کا چالان کرنے، گاڑی بند کرنے یا انہیں وارننگ دے کر چھوڑ دینے کا اختیار تھا، مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا بلکہ یہ کہا کہ اگر آپ گلوکار ہیں تو گانا سنا کر اس کا ثبوت پیش کریں۔

Image Source: Facebook

سراج بھٹہ نے درخواست کی کہ وہ گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ہی گنگنا لیتے ہیں مگر اہلکاروں نے سڑک کنارے گانے کو کہا اور سرائیکی گانے کی فرمائش کی۔اس پر سراج بھٹہ کو اتر کر اپنا ہارمونیم سڑک کنارے ریلنگ پر رکھ کر گانا سنانا پڑا۔موٹروے پولیس کے اہلکار نے گانے کو اپنے فون پر ریکارڈ بھی کیا اور داد بھی دی۔

Image Source: Facebook

اس معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر  آنے کے بعد موٹر وے پولیس کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موٹروے پر کوئی بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرتے ہوئے پایا جائے تو موٹروے پولیس کے اہلکار اس کا چالان کر سکتے ہیں یا پھر گاڑی بند کر سکتے ہیں۔ مگر کسی کو گاڑی سے اتار کر گانا سننا یا کوئی جسمانی سزا دینا درست نہیں۔اس معاملے کی تحقیقات ہوں گی، اگر ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار غلطی کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹریفک رولز کی کیخلاف ورزی پر موٹروے پولیس نہ ہی کسی وزیر کو چھوڑتی ہے اور نہ کسی بااثر شخصیت کو۔گزشتہ دنوں میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا اوور اسپیڈنگ پر چالان کرچکی ہے۔شاہد آفریدی لاہور سے کراچی آرہے تھے کہ مقررہ حد سے تیز گاڑی چلانے پر موٹر وے پولیس نے 1500 روپے کا جرمانہ کردیا۔ سابق کپتان نے موٹر وے پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے۔ موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے شاہد آفریدی کے ساتھ سیلفیاں بھی شیئر کیں تھیں۔

علاوہ ازیں ، رواں برس نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی حاضر دماغی نے فوری کارروائی سے خواتین اور بچوں کے اغواء کی کوشش ناکام بناکر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔اس گاڑی میں خواتین اور 3 بچے سوار تھے جنہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا جب کہ 2 اغوا کاروں کو بھی حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *