
میزبان و ماڈل متھیرا نے کچھ دن قبل اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ وہ ماہ محرم کے احترام میں سوشل میڈیا سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دینگی اور اب انہوں نے باقاعدہ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام سے اپنی تمام تصویریں اور ویڈیوز ڈیلیٹ کردی ہیں۔
متھیرا نے 15 اگست کے بعد انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے ماہ محرم کے تقدس میں کچھ وقت کے لیے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں ہیں، کیوں کہ وہ مذکورہ مقدس مہینے کے 10 دن مجالس میں شرکت کریں گی۔ متھیرا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں اپنی تصاویر کچھ وقت کے لیے ہٹا رہی ہوں، محرم کے یہ 10 دن ہر انسان کے لیے خاصے مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مجالس میں شرکت کرتی ہوں اس لیے میں نہیں چاہتی کہ میری پروفائل پر کچھ ایسی تصاویر ہوں جو اس مہینے کے لیے غیر موزوں ہو۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ہر انسان کا زندگی گزارنے کا اپنا طریقہ ہے، براہ مہربانی مجھ پر سوال اٹھانا اور الزام لگانا بند کریں۔

اس وقت متھیرا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر صرف دو پوسٹیں موجود ہیں جو کہ محرم الحرام کی مناسبت سے ہیں۔ جب کہ انہوں نے اسٹوریز میں مجالس میں شرکت کرنے کی اپنی ویڈیو بھی شیئر کیں۔ اس مختصر دورانیے کے ویڈیو میں انہیں نقاب میں مجالس میں دیکھا جاسکتا ہے اور ان کے علاوہ دیگر درجنوں خواتین و مرد کو بھی وہاں موجود دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ مجالس کی تقریب میدان میں منعقد کی گئیں تاہم سماجی فاصلے کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ متھیرا نے مجالس کی ویڈیوز لائیو چلائی تھیں جس پر بعض لوگوں نے نامناسب کمنٹس بھی کیے جن کا ذکر اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں کیا اور ان نامناسب کمنٹ کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے۔

خیال رہے کہ شوبز کی نگری میں متھیرا کو اسکینڈل کوئین کہا جاتا ہے، درحقیقت انہیں میڈیا میں شہرت ان کے کام پر نہیں بلکہ اسکینڈلز پر اسکینڈلز کے باعث ہی ملی۔ نجی چینل سے رات گئے نشر ہونے والے پروگرام ‘لو انڈیکیٹر’ کے ذریعے ڈیبیو کرنے والی متھیرا نوجوانوں میں کافی مقبول ہیں یہی وجہ ہے کہ آج انسٹاگرام پر ان کے لاکھوں فالوورز ہیں اور وہ وہاں پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جنہیں ہزاروں لوگ لائیک کرتے ہیں۔ صارفین کی جانب سے ان کی تصاویر کو انتہائی بولڈ اور نامناسب بھی قرار دیا جاتا رہا ہے، تاہم انہوں نے ہمیشہ اپنی ہر تصویر اور ویڈیو پر لوگوں کی کڑی تنقید کو مسترد کیا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک بہت ہی بولڈ تصویر شیئر کی جس پر صارفین آگ بگولا ہوگئے اور انہوں نے متھیرا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بالی وڈ جوائن کرلیں، جب کہ ایک صارف کی جانب سے کمنٹ کیا گیا کہ اس تصویر کو دیکھ کر تو بالی وڈ کی بولڈ اداکارائیں بھی شرما جائیں تو کسی نے متھیرا کو جہنمی عورت کہہ ڈالا تھا۔
0 Comments