اسلام آباد:ڈاکوؤں نے درزی کو لوٹ لیا، 7 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے کپڑے لیکر فرار


0

پاکستان اور دنیا بھر میں مسلمان عید الفطر کی تیاریوں میں مصروف ہیں نئے کپڑے ، جوتے اور دیگر ضروریات زندگی کی خرید وفروخت جاری ہے۔ درزیوں کی دکانوں پر بھی خوب رش ہے اور نئے سلے ہوئے کپڑے لینے والوں کا تانتا باندھا ہوا ہے۔ ایسے میں اسلام آباد کے علاقے میں ایک مقامی درزی کے ساتھ نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔اس درزی کی دکان پر ڈاکہ پڑا ہے جس میں دو مسلح افراد ان کی دکان میں داخل ہوئے اور 200 سے زائد عید کے نئے کپڑے چوری کرکے بھاگ گئے ہیں جن کی مالیت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تھی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ٹیلر ماسٹر محمد رزاق نے بتایا کہ دو مسلح افراد ان کی دکان میں داخل ہوئے اور 240 مکمل اور بغیر سلے شلوار قمیص اٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ابھی تک ان ڈاکوؤں کا کوئی سراغ نہیں لگاسکی ہے جنہوں نے میری اس عید کو ڈراؤنا خواب بنادیا ہے۔ ڈکیتی کے بعد محمد رزاق کی دکان پر موجود زیادہ تر الماریاں خالی ہوگئیں ہیں۔

Image Source: AFP

ٹیلر ماسٹر محمد رزاق نے بتایا کہ میں اس علاقے میں گذشتہ 20 سال سے کام کررہا ہوں اور میرے پاس اسلام آباد راولپنڈی کے پوش علاقوں سے گاہک مہنگے برانڈڈ کپڑے سلوانے لاتے ہیں۔ سلمان اشرف جو کہ ایک درزی ہیں اور محمد رزاق کے ساتھ دکان پر کپڑوں کی سلائی میں معاونت کرتے ہیں ، ڈاکے کے دوران ڈاکوؤں نے انہیں رسی سے باندھ دیا تھا۔ سلمان نے بتایا کہ مسلح افراد بہت طیش میں تھے انہوں نے ہم پر دھاوا بولا اور ہمیں رسیوں سے باندھ کر خاموش رہنے کو کہا۔

Image Source: AFP

پولیس نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے۔ افسوس کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی ملک میں جرائم، خاص طور پر ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے سال بھی عید سے چند دن پہلے نارتھ ناظم آباد کراچی میں خاتون اور مرد نے مل کر ایک فیملی کو لوٹ لیا اور فرار ہوگئے تھے۔سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ کس طرح پستول کی نوک پر ان نامعلوم خاتون اور مرد نے فیملی سے شاپنگ بیگز، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ڈاکٹروں کو کلینک میں لوٹ لیا گیا، ویڈیو وائرل

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے عید الفطر کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات 2 مئی (پیر) سے شروع ہوں گی اور 5 مئی (جمعرات) تک جاری رہیں گی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *