
شوبز انڈسٹریز کو جہاں دنیا بھر میں گلیمر اور شہرت کی نگری قرار دیا جاتا ہے وہیں اس انڈسٹریز سے وابستہ لوگوں کو کئی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا بھی رہتا ہے، انہی مسائل میں ایک جھوٹی خبریں اور معلومات کا پھیلاؤ ہے، جس کا آئے روز کوئی نہ کوئی فنکار شکار بنتا ہے۔ ان دنوں پاکستانی اداکارہ فضا علی ایسی ہی کچھ خبروں کی زد میں ہے، جس پر اداکارہ نے خود ایک تفصیلی وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا خاص کر ہوٹیوب چینلز پر اداکارہ فضا علی کی لیجنڈری گلوکار سجاد علی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبریں زیر گردش تھیں، جس پر اب اداکارہ کی جانب سے خاموشی توڑ دی گئی ہے اور ان تمام لوگوں کے لئے ایک خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں اداکارہ فضا علی نے گلوکار سجاد علی کے ساتھ شادی کے حوالے سے یوٹیوب پر چلنے والی خبروں کے کچھ مختصر کلپ شیئر کیے اور کہا کہ ’’کیا ملتا ہے، آپ لوگوں کو دوسروں کے بارے میں جھوٹی باتیں چھاپنے میں یا لوگوں کے بارے میں جھوٹ بولنے میں، کسی کے اوپر تہمت اور الزام لگانے میں، کسی کی ذاتی زندگی کو اچھالنے میں یا کسی کے کردار پر بحث کرنے میں کیا ملتا ہے؟
اداکارہ فضا علی نے اپنی اور گلوکار سجاد علی کی شادی کی خبروں کو جہاں بالکل رد کیا وہیں انہوں نے موقف اپنایا کہ سجاد علی صاحب مان کے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں، وہ ان کے استادوں کی طرح ہیں۔ وہ پاکستان کا بہت بڑا سرمایہ ہیں، پوری دنیا انہیں پسند کرتی ہے، ان کے ساتھ میری شادی کروادی گئی، بلکہ یہاں تک بولا گیا کہ سجاد علی کی بیوی نے بھی انہیں قبول کرلیا ہے۔

ساتھ ہی فضا علی ان سے منسوب کردہ بیان پر بھی کافی سیخ پا دیکھائی دیں، انہوں نے کہا کہ ان سے منسلک بیان کہ سجاد علی بہت اچھے باپ اور شوہر ہیں۔ فضا علی نے غصے میں پوچھا کہ میں نے ایسی بکواس کب کی ہے کیا کوئی مجھے بتائے گا؟
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں اداکارہ فضا علی نے اس افواہ کے بعد عامر لیاقت حسین سے بھی شادی سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کبھی ان کی شادی عامر لیاقت سے کرادی جاتی ہے، تو کبھی کہا جاتا ہے نکاح پر نکاح کرلیا، تو کبھی میری شادی سابق صدر آصف علی زرداری سے، تو کبھی وزیراعظم عمران خان ان کے شوہر بنا دئیے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی کچھ ٹک ٹاکر کے ساتھ شادی کی بازگشت پر انہوں نے کہا کہ وہ ایک اسٹار ہیں، لوگ ان سے سیلفی کی درخواست کرتے ہیں، اس کے بعد اس سے کیا کچھ جوڑ دیا جاتا ہے۔

فضا علی نے سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے چلنے والی ان بے بنیاد اور جھوٹی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں شادی شدہ ہوں یا نہیں یہ ان کا مسئلہ ہے۔ لہذا انہوں نے ہاتھ جوڑ کر سب سے درخواست کی کہ آپ لوگ رشتہ کرانے والی مائی کا کردار ادا نہ کریں۔
یاد رہے پچھلے کچھ عرصے سے کچھ یوٹیوبر کی جانب سے اداکار عمران عباس کی بھی کئی شادیاں کروائی جاچکی ہیں، جس سے تنگ آکر کچھ عرصہ قبل عمران عباس نے فیس بک پر ایک پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ علیزے شاہ کے بعد صبور، اشنا اور اب عروہ حسین۔ یہ یوٹیوبرز میری چار شادیاں کروا چکے ہیں۔ یار ان بلاگرز کو کوئی اور کام نہیں ہے کیا؟ (یا یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے اور کوئی نام نہیں ہے؟) کیا ہم ان بلاگرز / کلک بیٹرز (گمراہ کرنے والے یوٹیوبرز ) کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں؟ ان کی جانب سے گزارش کی گئی تھی کہ عوام اس طرح کے یوٹیوب چینلز، بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز کو ان سبسکرائب کردیں۔
0 Comments