کم عمر مارشل آرٹس فاطمہ نسیم نے پھر نئی تاریخ رقم کردی


0

پاکستان کی 8 سالہ مارشل آرٹس چیمپئن فاطمہ نسیم کا بڑا کارنامہ، بھارتی ایتھلیٹ کو شکست دیکر گنیز بک میں اپنا نام درج کروالیا۔

شہر قائد سے تعلق رکھنے والی 8 سال کی مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ ایلبو اسٹرئیک کرکے اپنے سے تین گنا بڑی بھارتی کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر اپنا نام گنیز بک میں درج کروالیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ای میل کے ذریعے اس جیت کی تصدیق کی اور فاطمہ نسیم کا کارنامہ ریکارڈ بک کی زینت بناکر انہیں سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا۔

Image Source: Guinness World Records

ننھی چمپئن فاطمہ نسیم نے ایک منٹ میں دونوں ہاتھوں کی کہنی کو ٹارگٹ پر 272 بار مار کر عالمی سطح پر نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ان کی حریف بھارتی مارشل آرٹس انسٹرکٹر اور ٹرینر کرن اونیال اس سے قبل متعدد مارشل آرٹس گنیز ورلڈ ریکارڈ بناچکی ہیں، وہ اسرائیلی مارشل آرٹس کاراو میگا کی بلیک بیلٹ انسٹرکٹر ہیں اور انڈین آرمی آفیسر کی اہلیہ بھی ہیں۔

پاکستان کی فاطمہ نسیم جو کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ بک میں کم عمری میں دنیا کی سب سے کم عمر مارشل آرٹس کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں ان کا ریکارڈ کرن اونیال نے 242 کے مقابلے 258 ایلبو اسٹرائیک مار کر توڑ دیا تھا، صرف چار ماہ بعد ہی فاطمہ نسیم نے یہ اعزاز واپس لے لیا ہے اور بھارتی اتھیلیٹ پر اپنی سبقت ثابت کر دی ہے۔ یہ ننھی پاکستانی چمپئن بھارتی اتھلیٹ سے عمر میں بھی تقریباً 25 سال چھوٹی ہیں۔

Image Source: The News

کھیل کے میدان میں جیتنا اور حریف پر سبقت لیجانا فاطمہ نسیم کے لئے نئی بات نہیں کیونکہ وہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے مارشل آرٹس چیمپئن محمد راشد کی صاحبزادی ہیں جو 65 عالمی ریکارڈ بناچکے ہیں۔تاہم ، اپنی اس جیت پر فاطمہ نسیم کا کہنا ہےکہ فائٹ میں انٹرنیشنل چیمئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنا ان کا ہدف ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام بلند کریں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اکیڈمی آف ماشل آرٹس کی جانب سے بنایا جانے والا یہ 82 واں عالمی ریکارڈ ہے۔

اس بات میں تو کوئی شک نہیں کہ صحت مند معاشرہ تبھی فروغ پاتا ہے جب کھیلوں کے میدان آباد ہوں۔ آج کل بچوں میں مارشل آرٹس اور جوڈو کراٹے سیکھنےکا شوق بڑھنے لگا ہے۔مارشل آرٹس کا کھیل دراصل سیلف ڈیفنس کے ساتھ فزیکل فٹنس میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ مارشل آرٹس میں بچےکک باکسنگ، جوڈو کے مختلف داؤ پیچ سیکھتے ہیں جو ان کی ذہنی وجسمانی نشوونما میں معاون کردار ادا کرتے ہیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *