دنانیر کو یونیورسٹی پروگرام میں مدعو کرنے پر صارفین کی برہمی، سوالات اٹھادئیے


0

“یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری (پارٹی) ہورہی ہے” جیسے مختصر الفاظ پر مبنی ویڈیو یوٹیوبر و ولاگر دنانیر مبین کی شہرت کو دیکھتے ہوئے حالیہ دنوں میں مشہور تعلیمی ادارے زیبسٹ کی انتظامیہ نے اپنے ’زیب میڈیا فیسٹیول‘ میں ’دی انسٹنٹ ریوولیوشن‘ نامی پروگرام میں گفتگو کے لیے ان کو مدعو کیا تھا۔ انتظامیہ نے ان کے ہمراہ متعدد شوبز شخصیات، اداکاراؤں، ماڈلز اور سوشل میڈیا اسٹارز کو بھی بلایا تھا مگر سوشل میڈیا پر دنانیر کی تصویر وائرل ہوئی تو شائقین سمیت صارفین نے بھی ان کی شرکت پر اعتراضات اٹھادئیے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر لوگوں نے جہاں زیبسٹ انتظامیہ پر تنقید کی، وہیں دنانیر مبین کی تعلیمی ادارے کے پروگرام میں شرکت پر ادارے کی تعلیمی ساکھ پر بھی سوال اٹھایا اور پاوری گرل پر بھی تنقید کی۔

Image Source: Twitter

ایک صارف نے دنانیر مبین کو یونیورسٹی کی جانب سے مدعو کیے جانے پر سخت رد عمل دیا اور کہا کہ انہیں موٹیویشنل اسپیکر کے طور پر بلانے سے نہ صرف ہمارے تعلیمی اداروں کی تنزلی کا پتا چلتا ہے بلکہ اس سے سماجی تنزلی بھی کھل کر سامنے آگئی۔ایک صارف نے دنانیر پر مزاحیہ انداز میں تنقید کی کہ اب وہ لوگوں کو سکھائیں گی کہ 10 سیکنڈز کی ویڈیو بنانا کتنا مشکل ہوتا ہے۔

ایک اور صارف نے انہیں مدعو کیے جانے پر لکھا کہ انہیں دنانیر مبین سے نفرت یا کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہمیں سوچنا چاہیے کہ ایسے ملک میں جہاں شاعر اور فنکار اپنی شناخت بنانے کے لیے خودکشیاں کر رہے ہیں، وہاں ایسے لوگوں کو اتنی اہمیت دینا ٹھیک ہے؟

ایک اور صارف نے دنانیر مبین پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ کیسی متاثر کن تقریر کر سکیں گی، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ انہیں مدعو کرنا سوالیہ نشان ہے۔ جبکہ ایک صارف نے ‘پاوری گرل’ پر تنقید کرنے والے لوگوں کو یاد دلایا کہ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ زیبسٹ ایک بزنس اسکول ہے جو دیگر اداکاروں کو بھی مدعو کرتا ہے اور یہ کہ اب دنانیر کامیاب اداکارہ بن چکی ہیں اور وہ ویڈیوز اور ڈراموں میں نظر آتی ہیں، انہیں مدعو کیے جانے میں کیا خرابی ہے۔

دنانیر مبین جنہیں جینا بھی کہا جاتا ہے ، ایک ’کونٹینٹ کریئٹر‘ ہیں اور انسٹاگرام پر تین لاکھ سے زائد فالوورز رکھتی ہیں۔ وہ اپنے بلاگز میں میک اپ فیشن اور لائف اسٹائل سے لے کر ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ہر چیز پر بات کرتی ہیں۔ خیال رہے کہ انہوں نے اپنی مشہور زمانہ ویڈیو اس وقت بنائی تھی جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ نتھیا گلی کی سیر کو گئی تھیں اور کھانا کھانے کے لیے رکی تھیں تو بس اچانک ہی انہوں نے موبائل فون نکال کر ویڈیو بنائی اور اپلوڈ کردی جو چند سیکنڈ میں دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھی۔ دنانیر کے انگریزی لہجے میں اردو بولنے کی وجہ سے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا گیا اور اس پر شوبز شخصیات سے لے کر سیاستدانوں، نوجوان طلبہ، عام افراد اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے افراد نے بھی ویڈیوز بنائیں بلکہ پڑوسی ملک میں بھی اس ویڈیو کے خوب چرچے ہوئے۔

مزید پڑھیں: کمسن بچی نے ‘پاوری ہورہی ہے‘ میم کو دوبارہ وائرل کردیا

تاہم مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنانیر مبین راتوں رات اسٹار بن گئیں بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ اور اداکاری میں بھی انٹری دی اور اسی وجہ سے زیبسٹ نے اپنے میڈیا فیسٹیول میں بھی انہیں مدعو کیا مگر لوگوں کی ان کی وہاں موجودگی اچھی نہیں لگی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *