گوگل نے ڈاکوؤں کا بھانڈا پھوڑ دیا، چھینے گئے موبائل فون سے ڈاکوؤں کی سیلفیاں اور ویڈیو وائرل ہوگئیں


0

کراچی کے علاقے  بہادرآباد سے چھینے گئے موبائل کا سراغ مل گیا۔ ڈکیتی کرنے والے دونوں ڈاکو غیر ملکی ائیرلائنز سے قطر روانہ ہوگئے جہاں پر انہوں نے چھینے گئے موبائل سے سیلفیاں لیں جوکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اصل مالک کے ای میل اکاونٹ میں آپہنچیں۔ جس کے بعد موبائل کے اصل مالک نے ڈاکوؤں کی شناخت بھی کی اور تصاویر پولیس کو بھیج دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی سے ناآشنا ڈاکوؤں کو چھینے گئے موبائل فون سے سیلفی اور ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا، ڈکیتی کرنے والے یہ دونوں ڈاکو غیر ملکی ایئر لائن سے قطر روانہ ہوئے تو ملزمان نے جہاز میں بیٹھ کر لینڈنگ کے موقع پر چھینے گئے موبائل فون سے جہاز کے اندر اور ایئر پورٹ پر ویڈیو اور سیفلیاں بنائیں جو موبائل فون کے مالک کے گوکل آئی ڈی پر لوڈ ہوگئیں۔

واضح رہے کہ ان دونوں ڈاکوؤں نے رواں سال اگست میں بہادر آباد میں قائم دکان سے گھڑیاں، پرفیومز اور 2 موبائل فون چھینے تھے جبکہ واردات کی فوٹیج میں بھی ڈاکوؤں کو اسلحے سمیت دکان میں دیکھا جاسکتا ہے۔ مذکورہ دکاندار نے بھی گوگل آئی ڈی پر آنے والی تصاویر سے ڈاکوؤں کو شناخت کرلیا اور ملزمان کی واضح تصاریر پولیس کو بھی فراہم کردیں۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ایک بار پھر بے قابو ہوگئی ہیں، نو ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم کی 20 ہزار 400 سے زائد وارداتیں ، شہری 1500 سے زیادہ گاڑیوں، اڑتیس ہزار موٹر سائیکلوں سے محروم کردیے گئے۔ 38 ہزار موبائل فون چھین لیے گئے، مزاحمت پر 80 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔تاہم پولیس ان وارداتوں پر قابو پانے کی حتیٰ الالمکان کوششیں کررہی ہے، پولیس نے ڈاکوؤں کی فہرست مرتب کرلی ہے، جس میں شہر بھر میں 422 ڈاکو وارداتوں میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، حافظ قرآن نوجوان جاں بحق

اس سلسلے میں اسپیشل برانچ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے 2 اضلاع شرقی اور وسطی میں وارداتیں عروج پر ہیں بکہ رپورٹ میں ضلع جنوبی کے پوش علاقوں کے ہاٹ اسپاٹس بھی موجود ہیں۔خیال رہے کہ چند دن پہلے پولیس نے ایک 14سالہ ملزم کو نیوکراچی سے گرفتار کیا ہے جو شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چوری کرتا تھا۔ موٹر سائیکل لفٹر یہ بچہ منشیات کا عادی ہے اور اپنی طلب مٹانے کے لئے چوریاں کرتا تھا۔ دوران تفتیش ملزم بچے نے بتایا کہ منشیات فروش بلوچستان سے منشیات لاکر فروخت کرتے ہیں۔

مزید برآں،شہر قائد کے علاوہ پاکستان کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے پنجاب میں بھی ہر نئے دن ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی شرح میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد کے حوالے سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز  افغانستان اسمگل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ چوری شدہ اور چھینےگئے موبائل فون کے پی اور پھر افغانستان اسمگل کیے جاتے ہیں، چھینے اور چوری کیے جانے والے اسمارٹ فونز کا آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کیا جاتا ہے جس سے موبائل فون ناقابل ٹریس ہوجاتا ہے۔ خیبرپختونخوا میں چوری شدہ موبائل خریدنے والے بڑے ڈیلر کی شناخت کرلی گئی ہے جس شواہد اکٹھا کرنے کے بعد گرفتار کیا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال چوری شدہ موبائل فون ٹریس ہونےکی شرح انتہائی کم رہی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *