
خوبصورت نظر آنا ہر کسی کی خواہش ہوتا ہے اس کے لئے عموماً ہم مہنگی مہنگی کریمیں اور لوشن بھی استعمال کرتے ہیں لیکن خوبصورتی کا انحصار صحت مند اور تروتازہ جلد پر ہے اگر جلد صحتمند ہوگی تو آپ خود بخود دلکش اور خوبصورت نظر آئیں گے۔ جلد کی خوبصورتی قائم رکھنے کے لئے اس کی حفاظت کے ساتھ اچھی اور مناسب غذا کا بھی ہونا نہایت اہم ہے۔
اس حوالے سے ہماری روزمرہ کی خوراک انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کے ذریعے ہم اپنے جسم کو وہ تمام ضروری غذائی اجزاء مہیا کرنے کیساتھ جلد کی جھریاں اور داغ دھبے دور کرکے جلد کو خوبصورت بناتی ہیں۔ صحت مند غذا جلد کی نگہداشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ صحت مند خوراک کے بغیر اچھی اور چمکدار جلد کا حصول ممکن نہیں۔لہٰذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو بہتر اور دیرپا نتائج حاصل ہوں تو آپ درج ذیل غذاؤں کو اپنی ڈائٹ میں شامل کریں اور جلد کے مسائل پر قابو پائیں۔

انڈے

انڈا غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ چہرے کی جلد، جھریوں کے خاتمے کے لیے بے حد مفید ہے۔ انڈوں میں زیادہ مقدار میں نیوٹرینٹس پائے جاتے ہیں۔ ایک ابلے ہوئے انڈے میں وٹامن اے، بی 5، بی 12، بی 2، وٹامن ڈی، بی 6 اور وٹامن ای کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں کیلشئیم اور زنک موجود ہوتا ہے۔ یہ دل کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔ یہ آپ کو ضرورت سے زیادہ کھانا کھانے سے بھی بچاتا ہے۔ اس میں موجود قدرتی اجزا آپ کو ایک خوبصورت اور چمکدار جلد مہیا کرتے ہیں۔ انڈے کو بطور غذا ناشتے میں بھی لے سکتے ہیں ، اس کو آملیٹ یا ابلا ہوا بھی کھایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ انڈے سے کئی پکوان بھی بنائے جاتے ہیں جو آپ کی جلد کو مطلوبہ غذائیت فراہم کرتے ہیں۔
پالک

ہوسکتا ہے آپ کو پالک کھانا پسند نہ ہو، لیکن پالک ایک بہت ہی فائدہ مند سبزی ہے۔ پالک کے ہرے پتے جلد کے لئے انتہائی مفید ہیں۔ پالک میں موجود نیوٹرینٹس کیل مہاسوں سے نجات دلاتے ہیں اور یہ جلد سے سورج کی شعاعوں کا اثر بھی زائل کرتے ہیں۔ پالک کا استعمال جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ پالک کے پتوں میں وٹامن اے اور سی زیادہ ہوتا ہے یہ جلد کی بیماریوں سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ اس کا استعمال چہرے کی رنگت نکھارتا ہے۔
گاجر

گاجر ایک بہترین غذا ہے۔ اس میں بہت سی خوبیاں ہیں۔ اس کے کھانے سے جلد صحت مند اور تروتازہ ہوجاتی ہے۔ گاجر میں موجود اینٹی اوکسیڈنٹ کیل مہاسوں، جلد کی خارش اور دوسرے جلدی مسائل ختم کرتا ہے۔ گاجر بینائی اچھی کرنے میں بھی نہایت کارآمد ثابت ہوتی ہے۔ کولیسٹرول کو کنٹرول کرتی ہے، دماغی قوت کو بڑھاتی ہے۔ غرض یہ کہ گاجر میں قدرت نے صحت و خوبصورتی کی حفاظت کے انمول خزانے چھپا رکھے ہیں ان تمام فوائد کو حاصل کرنے کیلئے آپ گاجر کا خوب استعمال کریں۔ سلاد، گاجر کا حلوہ وغیرہ یا گاجر سے بنا کوئی اور پکوان جو آپکا پسندیدہ ہو اسے اپنی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں۔
مچھلی

اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اپنی ڈائٹ میں مچھلی کو شامل کرلیں اور کم از کم ہفتے میں دو بار مچھلی ضرور کھائیں کیونکہ مچھلی صحت مند جِلد کے لیے بہترین خوراک ہے۔ یہ اومیگا تھری اور روغن سے مالا مال ہے، جو جِلد کو دبیز، نم اور کیل مہاسوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مچھلی پروٹین سے بھرپور ہوتی ہے،یہ جِلد اور بالوں کو مضبوط بناتی ہے۔
ڈیٹوکس واٹر

ڈیٹوکس واٹر جادو کی طرح کام کرتا ہے۔ واٹر ڈیٹوکس گھر میں بنایا جانے والا ایسا مشروب ہے جسے استعمال کرنے سے جلد کی رنگت نکھرتی ہے۔آپ ایک بوتل میں ترش پھلوں کو کاٹ کر ڈال لیں اس میں سیب کے قتلے اور پودینے کے پتے بھی پانی میں ڈال کر رکھ دیں۔ اس طریقے سے اس پانی میں پھلوں کا نچوڑ آجاتا ہے اور دن بھر اس پانی کا استعمال بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔اس سے آپ کا چہرہ بھی تروتازہ ہوگا اور آپ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گے۔
0 Comments