بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد کی بڑی کامیابی


0

پاکستان کی نمبرون بیڈمنٹن چمپئین ماحور شہزاد کو بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) نے اسپورٹس مینجمنٹ میں یونیورسٹی آف لندن کے کی اسکالرشپ کے لئے منتخب کر لیا۔ وہ یہ عالمی اسکالر شپ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی پلیئر بن گئیں۔

بیڈمنٹن کے کھیل میں کامیابی کے سفر پر گامزن 24 سالہ بیڈمنٹن اسٹار نے ایک بار پھر قوم کو بڑی خوشخبری سنادی ۔ ماحور شہزاد نے اس اسکالر شپ کے بارے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کی۔ اس پوسٹ کے مطابق بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) کی جانب سےیونیورسٹی آف لندن کی اسپورٹس مینجمینٹ میں پی جی سرٹیفکیٹ کے لئے اس مکمل فنڈڈاسکالرشپ کے لئے دنیا کے 35 مختلف ممالک کے 70 امیدوار شامل تھے ،جن میں سے عالمی ادارے نے پاکستانی پلیئر ماحور شہزادکا انتخاب کیا۔ یوں پاکستانی کی یہ اسٹار پلیئر عالمی سطح پر اسکالر شپ کے لئے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون پلیئر بن گئیں۔

قومی اور بین الاقوامی بیڈمنٹن میں ماحور شہزاد کی اب تک کی کامیابیوں کی فہرست کافی طویل ہے۔ بیڈمنٹن کے کھیل کی نگراں عالمی تنظیم بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں تاریخ میں پہلی بار ٹاپ 150 کھلاڑیوں میں پاکستانی کھلاڑی ماحور شہزاد کا نام بھی شامل ہوا۔

اس کے ساتھ ساتھ گذشتہ چاربرس سے وہ پاکستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں اور پچھلے پانچ سال سے انہیں نیشنل چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

عالمی رینکنگ میں 133 ویں نمبر پر آنے والی نیشنل چیمپئن بننے کے بعد ماحور شہزاد اب انٹرنیشنل چیمپئن بننے کی خواہشمند ہیں۔ مزید یہ کہ وہ پہلی پاکستانی پلیئر ہیں جنہیں عالمی سطح پر بیڈمنٹن کی ٹاپ خواتین پلیئرز میں شامل کیا گیا ہے اور اعدادوشمار کے مطابق انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور 44 مقابلوں میں جیت حاصل کی ہے۔

Image Source: Twitter

ماحور شہزاد کے کیرئیر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2017 کے سنگلز میں سونے اور ڈبلز مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا جب کہ جنوری 2017 میں نیشنل بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کے سنگلز مقابلوں کی فاتح رہیں اور خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

Image Source: Twitter

جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشیئن گیمز 2014 میں بھی وہ پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ جس کے بعد انہوں نے 2015 اور 2016 میں منعقد ہونے والے آل پاکستان رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلے جیتے جبکہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپیئن شپ 2015 میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل 2016 میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ 2017 میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی فاتح رہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی بیڈمنٹن چمپیئن ماحور شہزاد آئی بی اے کراچی سے اکاؤنٹس اور بزنس میں گریجویشن کی ڈگری بھی حاصل کر چکی ہیں جب کہ بیڈمنٹن کے کھیل کی جانب راغب کرنے میں ان کے گھر کے ماحول کا بہت بڑا ہاتھ تھا کیونکہ ان کے والد بھی بیڈمنٹن کھیلنے کا شوقین تھے اور انہوں نےجونیئر لیول تک بیڈمنٹن بھی کھیلا تھا۔ ان کے والد یہ چاہتے تھے کہ اُن کی بیٹیاں بھی یہ کھیل کھیلیں لہٰذا ماحور شہزاد نے اپنے والد کی اس خواہش کو پورا کردیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *