
پاکستان ٹیلی ویژن کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ دو شادیوں کی ناکامی کے بعد تیسری شادی کے لئے انہوں نے ڈاکٹر ثمر کو خود شادی کی پیشکش کی تھی اور جب ان کی تیسری شادی ہوئی تو نکاح کے وقت اپنا نواسہ گود میں لیے بیٹھیں تھی۔ ان کی تیسری شادی میں شوہر کے بچوں، نواسوں اور پوتوں نے بھی شرکت کی تھی۔
ایک ویب انٹرویو میں پہلی مرتبہ اداکارہ نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں کھل کر بات چیت کی۔ انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ تیسری شادی کے نکاح کے وقت اپنا نواسہ گود میں لیے بیٹھیں تھیں اور ان کی شادی میں ان کے شوہر کے بچوں ،نواسوں اور پوتوں نے بھی شرکت کی تھی۔

عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ انہوں نے اس وقت اداکاری کا آغاز کیا جب ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی اور ان کے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوچکی تھی جبکہ اس وقت بچوں کی پرورش کے لیے مالی معاونت کی ضرورت تھی۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے لیے اسٹائلسٹ کے طور پر کام سے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے بیرون ملک سے ڈیزائنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی۔
ان کے مطابق وہ پس پردہ ٹی وی منصوبوں پر کام کرتے کرتے اچانک اداکارہ بنیں اور ابتدائی طور پر انہوں نے ماڈلنگ کی۔ جبکہ انہیں پہلے ہی ڈرامے ’ستارہ اور مہرالنسا‘ میں ستارہ کا کردار ادا کرنے سے شہرت ملی اور ایک دم سے ان کی زندگی تبدیل ہوگئی۔

سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ10 برس تک چلنے والی پہلی شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی تھی مگر وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہوں جسے زندگی میں 3 بارمحبت کرنے کا موقع ملا۔ اپنی دو شادیوں میں ناکامی کے بعد تیسری شادی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر ثمر کو انہوں نے خود شادی کی پیشکش کی تھی۔ وہ ڈاکٹر ثمر علی خان کو کافی پلانے لے گئی تھی اور جب وہ کافی پی رہے تھے تو انہوں نے خود ان کو شادی کی پیشکش کی جس پر وہ حیران رہ گئے، انہیں لگا کہ وہ مذاق کر رہی ہیں ،لیکن پھر انہوں نے کچھ دیر بعد شادی کی پیشکش قبول کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شادی جیسے رشتے پر بھرپور یقین رکھتی ہیں، اس لیے انہوں نے دو ناکامیوں کے بعد تیسری مرتبہ زائد العمری میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس کے بعد ہم نے خاموشی سے نکاح کا فیصلہ کیا لیکن بچوں نے کہا کہ ہم سب بھی شرکت کریں گے، ہمارا نکاح ہوا تو اس میں ثمر اور میرے بچوں ، نواسے نواسیوں سب نے شرکت کی اور جب میرا نکاح پڑھایا جا رہا تھا اس وقت میرا نواسہ حسین میری گود میں تھا۔
اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی دو شادیاں ناکامی سے دوچار ہوگئی تھیں تاہم زندگی کا سارا پیار تیسرے شوہر سے مل رہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اداکارہ کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے اور مداحوں کی جانب سے عتیقہ اوڈھو کی ہمت اور بہادری کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: اداکارہ عتیقہ اوڈھو 9 سال بعد شراب برآمدگی کیس سے باعزت بری
خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن ڈاکٹر ثمر علی خان سے جون 2012 میں شادی کی تھی، ان کے شوہر 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔ عتیقہ اوڈھو کے پہلے اور دوسرے شوہر سے بچے ہیں جبکہ 2012 میں تیسری شادی کے وقت نانی اور دادی بن چکی تھیں۔
0 Comments