سانحہ اے پی ایس کے متاثر احمد نواز آکسفورڈ یونین کے صدر بن گئے


0

سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے احمد نواز انگلینڈ کی آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کے صدر بن گئے۔ احمد نواز آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیڈی مارگریٹ ہال کالج میں سیاسیات کے طالبعلم ہیں۔

احمد نواز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ “صدر کے طور پر آخر کار اپنے فرائض سنبھالنے پر بے حد فخر محسوس کررہا ہوں۔

Image Source: Instagram

انہوں نے لکھا کہ میں اپنے دورِ صدارت میں اس بات کا خواہاں ہوں کہ عالمی رہنما اہم مسائل پر بحث کریں، مزید لکھا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں اور آزادی اظہار کو برقرار رکھیں!”

احمد نواز کی اس کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹوئٹ کی جس میں لکھا کہ اے پی ایس پشاور کے ہولناک حملے میں بچ جانیوالے احمد نواز کا آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ احمد نواز کا سفر عزم اور قوت ارادی کی اعلیٰ مثال ہے۔

احمد نواز نے ملک کے نوجوانوں کے لئے قابل تقلید مثال قائم کی ۔وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان کو احمد نواز جیسے باہمت نوجوانوں پر فخر ہے۔واضح رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تاریخ میں احمد نواز دوسرے پاکستانی ہیں جو اس عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کی طلبا یونین کی صدررہ چکی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کی تاریخ مختلف حادثات و سانحات سے بھری پڑی ہے تاہم کچھ واقعات ایسی بھی ہیں جو ہم شاید کبھی بھلا نہ پائیں۔سال 2014 میں 16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن جس میں پیش آنیوالے اندوہناک واقعہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس دردناک سانحے میں معصوم بچوں پر ٹوٹنے والی قیامت کوئی نہیں بھلاسکتا، اس دن دہشت گردوں نے خون کی ہولی کھیلی جس میں علم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی گئی جس میں 147 افراد شہید ہوئے جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔

Image Source: Instagram

اس حملے کے وقت احمد نواز کی عمر 14 برس تھی۔اسکول پر حملے کے وقت احمد اپنے آپ کو مردہ ہونے کا بہانہ کرکے جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ انہوں نے اپنی استاد کو آگ لگانے کے خوفناک واقعہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔احمد کے بازو پر متعدد چوٹیں آئی تھیں جس کے بعد ان کا خصوصی طور پر برمنگھم کے ملکہ الزبتھ اسپتال میں علاج ہوا تھا۔ برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

دوران تعلیم احمد نواز کو برطانیہ کے شہزادہ ولیم سے کنگسٹن پیلس ’گلوبل لیگیسی ایوارڈ 2019‘ سے نوازا گیا۔دو برس قبل احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ انہیں کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں’ایشین انسپریشن ایوارڈ’ سے نوازا جائے گا۔

کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے بھی احمد نواز کو نوازا جاچکا ہے، امن کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر احمد کو اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ جبکہ رواں برس احمد نواز آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے صدر منتخب ہوئے اور ان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *