
افغانی دراز قد شیر خان اپنے سائز کی من پسند چپل بنوانے طویل سفر طے کر کے کابل سے پشاور پہنچ گئے۔ 24 سالہ افغان شہری شیر خان کو پشاوری چپل لینے اس وجہ سے پاکستان آنا پڑا کہ افغانستان میں ان کے پاؤں کے سائز کا کوئی چپل یا جوتا دستیاب نہیں۔ اس لئے وہ اپنی مرضی اور سائز کا جوتا لینے کے لئے پشاور کے مشہور جوتے بنانے کے کاریگر حاجی نور الدین شنواری جو چاچا نورالدین کے نام سے مشہور ہیں کی دکان پہنچے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے چاچا نورالدین مختلف بین الاقوامی مشہور شخصیات جن میں وزیر اعظم عمران خان اور ڈیرن سیمی شامل ہیں کے لئے اسپیشل پشاوری چپل بنا چکے ہیں۔
نوجوان شیر خان جب جوتا بنوانے کے لئے جب چاچا نور الدین کی دکان پہنچے تو ان کی دیو ہیکل جسامت اور ان کے پاؤں کا ناپ دیکھ کر دکان میں موجود کاریگر بھی حیران رہ گئے۔

چاچا نورالدین نے ڈائیلاگ پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں پیروں کا اتنا بڑا سائز نہیں دیکھا ہے۔ شیر خان کے لئے ڈیزائن کردہ ان کی مرضی کے پشاوری چپل کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی پوری زندگی میں انہوں نے کبھی ایسا شخص نہیں دیکھا جو اتنا لمبا ہو اور اس کا پاؤں کا سائز اتنا بڑا ہو۔ ان کی چپل 27 انچ لمبی اور 20 انچ چوڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیر خان کے چپل تیار کرنے میں ایک ہفتہ لگا، ان کے لیے بنائی گئی چپل میں موٹا اور بہترین چمڑا لگایا گیا ہے تاکہ چپل خراب نہ ہو کیونکہ ان کے پاؤں بہت مضبوط ہیں۔

“کپتان چپل“ کے عالمی شہرت یافتہ کاریگر چاچا نورالدین نے 1976 میں پرانے نمک منڈی مارکیٹ میں اپنا کاروبار شروع کیا۔ ماضی میں فروخت خراب ہونے کے باوجود وہ اپنے کسٹم میڈ پشاوری چپل بنانے پر صوبے کے سب سے مقبول جوتا بنانے والے کاریگر بنے۔
ڈان نیوز کے مطابق نورالدین کی وجہ شہرت “کپتان چپل” بنی جو انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے لئے خصوصی طور پر ڈیزائن کی تھی اور 2015 میں کپتان کی ریحام خان کے ساتھ شادی کے موقع پر اس سینڈل کی ایک جوڑی تحفے میں دی تھی۔

اس کے بعد یہ مخصوص ڈیزائن کی پشاوری چپل پاکستان میں کافی مقبول ہوئی اور لوگوں نے اسے بہت پسند کیا۔ اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزراء اور خلیجی ریاستوں میں رہائش پزیر پشتون آبادی نے چاچا نور الدین کو بڑی تعداد میں “کپتان چپل“ کے آرڈر دینا شروع کردیئے۔ فروری 2019 میں چاچا نور الدین کی شہرت میں پھر اضافہ ہوا اور اس بار انہوں نے پاکستان میں دوروزہ دورے پر آئے سعودی ولی عہد شہزادے کو اپنے ہاتھ سے تیار کردہ چمڑے کے دو سینڈل تحفے میں دئیےجو فواد چوہدری نے وصول کیے۔

پاکستان کے شہر پشاور کے چاچا نور الدین کو اپنی اعلیٰ کوالٹی کی جوتا سازی کی بدولت پاکستان کے علاوہ عالمی سطح پر بھی پزیرائی مل رہی ہے اور ان کی مضبوط پشاوری چپل عام وخاص میں مقبول ہوررہی ہے جو باعث فخر بات ہے۔
0 Comments