کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، وزیراعظم کراچی والوں کا دل جیت پائیں گے؟


0

کراچی میں مون سون بارشوں سے روشنیوں کا شہر تاریکیوں میں ڈوب گیا، نجی سرکاری عمارتیں و دفاتر، سڑکیں ، انڈر پاسز غرض ہر جگہ پانی ہی پانی میٹرو پولیٹن شہر دریا کا منظر پیش کرنے لگا اور کراچی کی عوام اپنی مدد آپ کے تحت بارش کی تباہ کاریوں سے نبٹتی رہی کوئی حکومتی ادارہ اس شہر کا پرسان حال نہ بنا۔ بلاشبہ ان بارشوں سےاربوں روپے کی مالیت اور املاک کا نقصان ہوا اور سندھ حکومت کی نااہلی ظاہر ہوگئی ۔

لہٰذا آئندہ بارش کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور کراچی کے مسائل کے مستقل حل کے لئے وزیر اعظم عمران خان جلد کراچی کا دورہ کریں گے اور اپنے اس دورے میں عمران خان “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کے ساتھ کئی اہم اعلانات بھی کر یں گے۔

وزیر اعظم کی جانب سے متوقع کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کےحوالے سے نجی چینل کے ایک پروگرام میں اینکر شاہ زیب خانزادہ کو گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ وزیر اعظم نے عمران خان کا کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کراچی کے مسائل کا خاتمہ کردے گا۔

شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ “میں اب اس انتظار میں ہوں کہ وزیراعظم جلد کراچی پہنچیں اور اس منصوبے کا اعلان کریں، یہ کراچی کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے اور ہم اس منصوبے کے بعد یقینی طور پر کراچی کو تبدیل کریں گے۔ “

مزید اس حوالے سے عمران اسماعیل کی رائے تھی کہ انفراسٹرکچر سے لے کر ڈیزاسٹر مینجمنٹ تک ، ترقی سے لے کر استحکام تک ، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں ہر سیکٹر کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس وقت پبلک ٹرانسپورٹ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے اور گرین لائن بس کے متعارف ہونے کے ساتھ ہی اس کو بھی حل کیا جائے گا۔

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم  منصوبوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

Karachi Transformation Plan

واضح رہے کہ وزیراعظم نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی تھی جس میں مسائل کے حل کیلئے بااختیار ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی۔

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں مسائل کا مکمل ادراک ہے اور عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ تشکیل دیا گیا جس پر وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ انہیں ایسے کسی پلان کے بارے میں علم نہیں۔ یاد رہے کہ اس سی پہلے جب وزیر اعظم عمران خان کوویڈ 19 کے دوران کراچی تشریف لائے تھے تو انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات نہیں کی تھی۔

اہم طلب بات یہ ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے ذریعے عمران خان اور تحریک انصاف کیا ایک بار پھر کراچی والوں کا دل جیت پائیں گے کیونکہ گزشتہ الیکشن میں عمران خان کی جماعت نے کراچی سے اچھی خاصی نشستیں حاصل کیں ، لیکن افسوس کے اب تک موجودہ حکومت کراچی کی عوام کو خوش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان کے کراچی والوں سے کئے گئے وعدے ،وعدے ہی رہ گئے۔

لیکن کراچی والوں کی اس مشکل گھڑی میں عمران خان کا متوقع دورہ کراچی کی عوام کے لئے امید کی کرن ہے، کراچی کے شہریوں کو امید ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا یہ دورہ کارآمد ثابت ہوگا اور وفاق کا کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا جامع منصوبہ شہر قائد کے شہریوں کی مشکلات کا سدباب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *