
پاکستان کرکٹ ٹیم کی بولنگ اسکواڈ کے اہم ممبر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف 27 دسمبر سے کراچی میں شروع ہونیوالی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اتوار کو اپنی بحالی کا عمل شروع کرنے لاہور پہنچے، واضح رہے کہ فاسٹ بالر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں شاہین شاہ آفریدی کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شاہین کی بحالی میں تقریباً 15 دن لگیں گے، جس کے بعد وہ ان کی انجری کی حالت کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔اس لیے شاہین اس ماہ کے آخر میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی دو میچوں کی سیریز کے لیے انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چونکہ قومی ٹیم کے اگلے سال کچھ اہم بین الاقوامی ایونٹس کھیلنے ہیں اس لیے پی سی بی چاہتاہے کہ شاہین انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہوکر پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کر سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ آفریدی مکمل صحت یابی کے بعد ہی کسی بھی قومی یا بین الاقوامی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔

دریں اثناء، دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجری کے بعد فزیوز کی جانب سے اگلے دس دن مکمل آرام کا مشورہ دینے کے بعد ملتان ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔حارث 17 دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم اگلے سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے میچز کو دیکھتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ میں ان کی شمولیت کا امکان نہیں ہے۔پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے 8 جنوری تک ملتان میں ہوگا۔اس دورے میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستانی باؤلر کا یارکر مچل سٹارک سے زیادہ خطرناک ہے۔کرکٹ کی دنیا کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کین ولیمسن کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نیوزی لینڈ کے کپتان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کی۔32 سالہ ولیمسن کو آسٹریلوی مچل سٹارک اور شاہین شاہ کے یارکر میں سے ایک باؤلر کی ڈیلیوری لینے کو کہا گیا، انہوں نے اس سوال پر غور کیا اور کہا کہ دونوں گیند بازوں کے یارکرز بالکل ایک جیسے ہیں۔
مزید پڑھیں: سرفرازاور شاہین شاہ کے درمیان نوک جھونک، غلطی کس کی؟
بعد ازاں نیوزی لینڈ کے کپتان نے شاہین شاہ آفریدی کو مچل سٹارک پر ترجیح دیدی اور کہا کہ ان کا یارکر خطرناک ہے۔
خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور مچل سٹارک اپنی تیز اور سوئنگ باؤلنگ کی وجہ سے کرکٹ کی دنیا میں کافی مشہور ہیں جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی اور سکوپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ولیمسن ہی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے تھے۔
0 Comments