کراچی کی خاتون نے مہنگائی پر وائرل ہونیوالے اپنے ویڈیو پیغام کی وضاحت کردی


0

عالمی کورونا وباء کے حالات اور لاک ڈاؤن کے دوران جہاں لوگوں کا کاروبار ابھی ٹھیک سے بہتر نہیں ہوا ہے ،نوکریاں چلی گئیں، اس بحران میں لوگوں کی جمع پونجی ختم ہوگئی، وہیں آسمان چھوتی مہنگائی کی مار نے عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے بلکہ عام لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے.

پچھلے کچھ مہینوں سے تو ہر چیز کی قیمت نے ریکارڈ توڑ دیا ہے جس سے روز مرہ کی چیزیں کافی مہنگی ہوگئی ہیں۔

Image Source: Screengrab

موجودہ صورتحال پر کراچی کی شہری رابعہ عابد نے اپنی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کمر توڑتی مہنگائی پر حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی تاہم انہوں نے اب اپنے ویڈیو پیغام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان ویڈیوز کے ذریعے کسی سے مالی امداد نہیں مانگ رہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک نئی ویڈیو میں رابعہ عابد نے کہا کہ “وہ اپنی ویڈیو کے ذریعے کسی قسم کی مالی امداد نہیں چاہتیں بلکہ سیاستدانوں سے درخواست کرتی ہیں کہ وہ آنکھیں کھولیں اور متوسط طبقے کے لوگوں کو کچھ ریلیف دیں۔ آج ایک ماں آپ کے سامنے آنسو بہا رہی ہے تو کل بہت سی اور مائیں بھی آنسو بہائیں گی۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ میں نے کچھ ماؤں سے بات کی ہے جو میڈیا کے سامنے نہیں آسکتیں لیکن انہوں نے بھی ان کے موقف کی تائید کی ہے۔میں ان ماؤں اور متوسط طبقے کے خاندانوں کی آواز بنی ہیں جو موجودہ حالات میں سنگین پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں”۔

انہوں نے کہا کہ “میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری حمایت کی۔ میں ان تمام لوگوں کا نام نہیں لے سکتی جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا ہے، میں صرف حکومت سے مناسب جواب حاصل کرنا چاہتی ہوں ،حکومت کو کم از کم متوسط طبقے کے لوگوں کی شکایات کو سننا چاہیے”۔انہوں نے ویڈیو میں مزید کہا کہ “حکمران صرف اپنی نشستوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور وہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو بالکل نظر انداز کررہے ہیں”۔

اس سے قبل رابعہ عابد کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے مہنگائی کی شرح میں اضافہ کرنے پر پاکستان کے موجودہ حکمرانوں پر خوب تنقید کی تھی ،ان کا کہنا تھا کہ اس مہنگائی میں متوسط طبقے کے لوگوں کے لیے اپنے گھر کے اخراجات چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

ملک میں گزشتہ کچھ عرصے سے بڑھتی ہوئی مہنگائی ، ملازمتوں کے کم مواقع اور بہترین آمدنی کے ذرائع کے لئے اب خواتین کی اچھی خاصی تعداد ایسے پیشے اختیار کر رہی ہے جو پہلے صرف مردوں تک مخصوص تھے۔ گزشتہ دنوں شہر قائد میں 17 سالہ علیشہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی ، جو کہ اپنی والد کی اچانک وفات کے بعد گھر کی کفالت کے لئے رکشے چلاتی ہیں۔

مزید برآں ،کلفٹن اور صدر میں واقع پیٹرول پمپس پر اب خواتین پیٹرول پمپ بھرنے کا بھی کام کر رہی ہیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *