
مشہور ومعروف پاکستانی اداکارہ منشا پاشا نے بہنوں کے ساتھ مل کر اپنے مرحوم والد ڈاکٹر طارق پاشا میمن کی یاد میں اندرون سندھ میں واقع ایک گاؤں میں مسجد تعمیر کروائی ہے۔ مسجد کا نام مسجدِ طارق رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ منشا پاشا اور ان کی بہنوں کی جانب سے مرحوم والد ڈاکٹر طارق پاشا مینن کے ایصال ثواب کے لئے ایک مسجد تعمیر کروائی ہے، جس کی تعمیر مکمل ہونے پر گزشتہ روز اداکارہ نے مداحوں سے اپنے خوبصورت عمل کی اطلاع دی اور انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری پیغام میں منشا پاشا نے مسجد کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز شئیر کیں، جس میں مسجد کا نام “مسجد طارق” لکھا ہوا ہے جبکہ ایک تصویر میں محمد طارق پاشا کی یاد میں لگائی گئی ایک تختی بھی موجود ہے، جس پر اداکارہ منشا پاشا سمیت دیگر بہنوں ماریا پاشا، زینت پاشا اور حناں پاشا کے نام بھی درج ہیں۔
اس موقع پر منشا پاشا نے لکھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم اپنے والد کی محبت بھری یاد میں کراچی سے تقریباً 4 گھنٹے کے فاصلے پر ایک قریبی گاؤں میں ایک مسجد مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہم نے اپنے والد کے ایصال ثواب کے لیے اپنے گاؤں کے قریب یہ خوبصورت مسجد تعمیر کروائی ہے۔

اداکارہ منشا پاشا نے مزید لکھا ہم بطور خاندان خاص طور پر ان تمام مزدوروں کے مشکور ہیں، جنہوں نے اس کام کا بیڑا اٹھایا، دن رات محنت کی اور اس مبارک مہینے میں اسے مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ آپ کے تعاون، دعاؤں اور مہربان الفاظ کا شکریہ۔ ہم ہمیشہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں اس کام کو انجام دینے کا موقع اور اسباب عطا کیے۔
پوسٹ کے آخر میں اداکارہ منشا پاشا نے تمام مداحوں سے درخواست کی، کہ براہ مہربانی میرے والد کے لیے دعا کریں کہ خدا انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
واضح رہے اداکارہ منشا پاشا کی پیدائش حیدر آباد کی ہے، انہوں نے اپنی تمام ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی ہے، بعدازاں وہ والدین ہے ہمراہ کراچی منتقل ہوگئی تھیں۔ جبکہ کچھ عرصہ قبل وہ مشہور ومعروف وکیل، ایکٹوسٹ اور سیاستدان جبران ناصر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں تھیں۔
مزید پڑھیں: ایوارڈ شوز کے بعد خواتین فنکاروں کے لباس پر تنقید، منشا پشا سخت نالاں
اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک نعمت نیک صالح اولاد کا ہونا ہے، جو ناصرف زندگی میں بلکہ والدین کے انتقال کے بعد بھی، ان سے حقیقی محبت کا اظہار کرتے ہوئے نیک اعمال کے ذریعے والدین کا نام دنیا میں زندہ رکھتے ہیں، ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ والدین کے نام سے کچھ نہ کچھ اچھے کام کریں تاکہ وہ ان کی بخشش کا ایک سبب بن سکیں۔ یہی ایک خوبصورت کوشش منشا پاشا اور ان کی بہنوں کی جانب سے مسجد تعمیر کروا کے کی گئی، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول کرے اور ان کے والد کی بخشش کا سبب بنائے۔ آمین
0 Comments