
ملک بھر میں جہاں عوام میں پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کی ایک بڑی مقبولیت ہے، وہیں شوبز انڈسٹری میں بھی ان کی مقبولیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، نامور شوبز شخصیات اکثر وبیشتر عمران خان کی حمایت میں آواز بلند کرتے آئے ہیں۔ ایسا ہی کچھ حال ہی میں اداکار شہروز سبزواری کی جانب سے بھی دیکھا گیا، جنہوں نے ناصرف سابق وزیراعظم کی کھل حمایت کی بلکہ یہ بھی باور کرا دیا کہ مدینے کی ریاست کا قیام عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار شہروز سبزواری نے اہلیہ صدف کنول کے ہمراہ اتوار کے روز ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نجی، شوبز زندگی سمیت مختلف موضوعات زندگی پر بات چیت کی اور ہر موضوع پر بہت کھل کر بات کی۔

موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت کی اور کہا کہ عمران خان ایک سچے لیڈر ہیں، اگر انسان میں تھوڑی بھی غیرت ہو تو وہ عمران خان کو ہی فالو کرے گا۔

اس موقع اداکار شہروز سبزواری نے مزید کہا کہ اگر میرے والد نے میرے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا کہ میں عمران خان کو فالو نہ کروں، اگر انسان میں غیرت نہیں تو وہ عمران خان کے علاوہ کسی کو بھی فالو کرلے، مدینے کی ریاست کا قیام عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: اداکار شہروز سبزواری وزیراعظم عمران خان سے ناراض کیوں؟
اداکار شہروز سبزواری نے دعویٰ کیا کہ بہت لوگ جو عمران خان کے مخالف ہیں وہ بھی مان گئے ہیں کہ اب عمران خان اب مزید خطرناک ہیں کیونکہ اب وہ بہتر سیاست کریں گے، چنانچہ ’عمران خان اقتدار میں واپس نہ آئے ایسا ہو نہیں سکتا، وہ دو تہائی اکثریت کے ساتھ آئیں گے، وہ ایک سچے آدمی ہیں‘۔
واضح رہے گزشتہ ماہ قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، تاہم ایوان میں اکثریت ثابت نہ کرنے پر وہ اپنی وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، بعدازاں صدر پاکستان مسلم لیگ نواز میاں شہباز شریف ملک کے 23 وے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
اس دوران جہاں پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے فیصلے کے خلاف سڑکوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرائے گئے وہیں کئی نامور شوبز شخصیات نے بھی سوشل میڈیا سمیت جلسوں میں شرکت کرکے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی کھل کر حمایت کی۔
اس سلسلے میں معروف پروڈیوسر اور اداکار یاسر حسین جو موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر خاموش تھے، انہوں نے عمران خان کے حوالے سے مستقبل کے کچھ خدشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ “جیسے اس وقت فنکار عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ کرے پاور میں آنے کے بعد عمران خان بھی ان کے ساتھ ایسے ہی کھڑا ہو۔ آمین
0 Comments