بلقیس ایدھی کی بدولت یتیم و بے سہارا رابعہ بانو کی زندگی بدل گئی


0

ایدھی فاؤنڈیشن کی روحِ رواں بلقیس ایدھی محبت وشفقت کا پیکر تھیں ، وہ ایک ایسی عظیم ماں تھیں جنہوں نے اپنے بچوں کے ساتھ ہزاروں یتیم وبے سہارا بچوں کی بھی پرورش کی ، ان بچوں کو ایدھی ہومز میں جگہ دی اور ایک سگی ماں کی طرح ان کا خیال رکھا ، ان کے دلوں میں جینا کی اُمنگ پیدا کی اور ہر قدم پر ان کی بھرپور رہنمائی کی۔ یوں سمجھیئے کہ انہوں نے ان بے سہاروں کا سرپرست ہونے کا پورا پورا حق ادا کیا۔

ایدھی چائلڈ ہوم میں رہنے والے ان بچوں میں کئی خوش قسمت بچے ایسے بھی ہیں جنہیں بے اولاد جوڑوں نے گود لیا اور آج وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ خوشحال زندگی بسر کررہے ہیں۔ انہی بچوں میں ایک نام رابعہ بانو کا ہے ، جنہیں اٹھائیس سال پہلے رات کے اندھیرے میں کوئی اپنا ایدھی کے جھولے میں چھوڑ گیا تھا۔ بلقیس ایدھی اس بچی کو اپنایا، نام دیا ، پرورش کی اور پھر ان کو ایک اچھی اور پڑھی لکھی فیملی کے سُپرد کردیا جو ان کو پاکستان سے امریکہ لے گئے جہاں رابعہ بانو نے والدین نے ان کو پڑھا لکھایا اور آج وہ وہاں اپنی ذہانت و قابلیت جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔

Image Source: Facebook

بلقیس ایدھی کی وفات کے بعد رابعہ بانو نے ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اُن کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ رابعہ بانو نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ “اٹھائیس سال پہلے مجھے کراچی، پاکستان میں واقع ایدھی یتیم خانے میں بچوں کے جھو لے میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ آپ نے مجھے پایا، آپ نے میرا نام اپنی والدہ رابعہ بانو کے نام پر رکھا، آپ نے مجھے شناخت دی ، پھر آپ نے مجھے گھر دیا۔ آپ کی وجہ سے آج…میں ہوں، میری ایک پہچان ہے، اور میرے پاس پیار کرنے والے والدین ہیں ۔

Image Source: Facebook

رابعہ بانو نے مزید لکھا کہ آپ نے خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، آپ ایک سرگرم کارکن، انسان دوست تھیں ۔ آپ کی وجہ سے پیدائش کے وقت یتیم ایک ننھی پاکستانی بچی نے خواب دیکھنے کی ہمت کی۔ آپ کی وجہ سے میں آج گریجویٹ سطح کی تعلیم کے ساتھ ایک آزاد عورت ہوں۔ آپ نے مجھے خواب دیکھنے کا موقع دیا، اور آپ نے مجھے آزادی سے نوازا۔ دنیا کے لیے آپ بلقیس ایدھی تھیں، لیکن میرے لیے آپ اماں (بڑی ماں) تھیں۔ آپ کی بدولت میرے دو پیار کرنے والے والدین ہیں جنہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ میرے پاس سب کچھ ہو ۔ میں ایک شاندار ہائی اسکول گئی پورے کالج میں اسکالرشپ حاصل کی، این وائے ایس اسمبلی، برونکس ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس، یو ایس کانگریس، یو ایس سینیٹ میں انٹرن شپ کی اور سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا پرائیویسی لاء میں ماسٹرز کرنے کے لیے لاء اسکول گئی …

Image Source: Facebook

میں چاہتی ہوں کہ آپ جانیں کہ وہ میرے لیے اور پورے پاکستان کے لیے کون تھیں۔ بلقیس ایدھی ایک ہیرو تھیں، وہ بہت سارے یتیموں (میری طرح) کی ماں اور انسانیت کے لیے پاور ہاؤس تھیں۔ بڑے ابو عبدالستار ایدھی کو کھونا بہت تھا لیکن آپ کی کمی نے مجھے آج پھر یتیم ہونے کا احساس دلایا ہے۔ میرا نام رابعہ بی بی عثمان ہے، اور میں ہمیشہ ایک قابل فخر ایدھی بچہ رہوں گی ۔”

رابعہ بانو کا یہ دل چُھولینے والا پیغام سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے ، اس پوسٹ پر لوگ بلقیس ایدھی کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کررہے ہیں، جبکہ کئی رابعہ بانو کی زندگی بدلنے پر بلقیس ایدھی کے لئے تعریفی کلمات بھی لکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی بلقیس ایدھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب پر دل سوز پیغامات جاری کیے ،جس میں انہوں نے لکھا کہ مجھے ‘نادِعلی‘ دینے والی بلقیس ایدھی جیسا کوئی نہیں ہوگا اور وہ اُن کی ہمیشہ شُکرگزار رہیں گی۔ حدیقہ کیانی نے اپنے بیٹے ناد علی کو ایدھی چائلڈ ہوم سے گود لیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *