
کراچی میں کورٹ میرج کرنے کے صرف دو دن بعد نوجوان 5 منزلہ عمارت کی چھت سے گرکر ہلاک ہوگیا، نوجوان کے والد کے مطابق بیٹے کو پولیس نے عمارت سے دھکا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سی ون ایریا میں پانچ منزلہ عمارت کی چھت سے گر کر ہلاک ہونے والے نبیل کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے نے پسند کی شادی کی جس پر اس کی بیوی آسیہ کے گھر والوں نے مقدمہ درج کروایا تھا جبکہ عدالت میں بھی لڑکی نے نبیل کے حق میں بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

نوجوان کے والد کاکہنا ہے کہ بیٹے نے عدالت سے ضمانت لے رکھی تھی مگر کیس کا تفتیشی افسر عامر گھر آیا اور 50 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا اور رشوت نہ دینے پر نبیل اور اس کے والد کو ڈکیتی کے مقدمے میں تھانے میں بند کرنے کی دھمکی دیں تھیں۔
اس موقع پر والد کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نبیل کو ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے میں بند کرنے کی دھمکیاں دیں، پولیس افسر عامر نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، پولیس افسر انہیں اور بیٹے نبیل کو زبردستی تھانے لے جانے کی دھمکیاں دیتا رہا، اسی دوران پولیس افسر عامر نے ان کے بیٹے نبیل کو دھکا دیا جو پانچویں منزل سے نیچے گر کر ہلاک ہو گیا۔ عمارت سے گرنے کے بعد نوجوان کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی۔

دوسری جانب ، ایس ایچ او سپر مارکیٹ ریاض نے بتایا کہ متوفی کی شناخت نبیل کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق متوفی نے شریف آباد کی رہائشی لڑکی سے دو روز قبل کورٹ میرج کی تھی اور اس کے خلاف لڑکی کے اہلخانہ نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا لیکن لڑکی نے نبیل کے حق میں بیان دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی شب شریف آباد انویسٹی گیشن پولیس رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پر نبیل کے گھر اس کے والد کا بیان لینے آئی تھی اس دوران نبیل گھر پر موجود تھا اور وہ عمارت کی چھت پر چلا گیا تاہم اس بات کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی کہ اس نے خوفزدہ ہوکر عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے یا وہ اتفاقیہ طور پر گرا ہے یا پھر اسے کسی نے دھکا دیا تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی سینٹرل نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری ایس پی نیو کراچی کو سونپ دی ہے جو اپنی رپورٹ ایس ایس پی کو پیش کریں گے۔نوجوان کی اس پراسرار ہلاکت کے بارے میں مزید معلومات تقتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد میں بھی ایک دلخراش واقعہ شہر پیش آیا تھا، جس میں ایک ماں نے اپنے شوہر کی دوسری شادی کا بدلہ لینے کے لئے اپنی 8 سالہ لخت جگر کو ہلاک کردیا تھا۔صبا نامی اس خاتون نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنے دو اور بچوں کو بھی کیڑے مار دوائیں پلائیں تھیں۔
خاتون نے انکشاف کیا تھا کہ غربت اور مہنگائی کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو دن میں صرف دو بار کھاناکھلا پاتی تھی اس لئے اپنے شوہر کو سبق سکھانے کے لئے اپنی بیٹی کو چوہے مار دوائی پلادی، تاہم پولیس نے ملزم خاتون کو گرفتار کرلیا اور ہلاک ہونے والی بچی کی لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سول اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
Story Courtesy: ARY NEWS
0 Comments